سڈنی: (آسٹریلوی محکمہ موسمیات، غیر ملکی میڈیا) دنیا کے بیشتر ممالک شدیدسرد موسم کی لپیٹ میں ہیں جبکہ آسٹریلیا شدید گرمی کی زد میں ہے، جہاں درجہ حرارت تقریباً 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز آسٹریلوی ریاست وکٹوریہ میں گرم ترین دن ریکارڈ کیا گیا، جہاں درجہ حرارت 48 اعشاریہ 9 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔ اسی طرح نیو ساوتھ ویلز، کوئنز لینڈ، تسمانیہ سمیت دیگر ریاستوں میں بھی کل تک کیلئےہیٹ ویو وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔
میلبرن میں 37 اعشاریہ 8 ڈگری سینٹی گریڈ کی شدید گرمی کے بعد آسٹریلین اوپن کے میچز کے دوران ٹینس ارینا کی چھتیں بند کر دی گئیں، جبکہ کورٹس کے باہر کھلاڑیوں کی پریکٹس اور دیگر کھیلوں کی سرگرمیاں بھی معطل کر دی گئی ہیں۔شدید گرمی کی لہر کے باعث آسٹریلیا کے جنوب مشرقی علاقوں کے جنگلات میں آگ لگنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے، جس کے پیش نظر فائر ڈینجر وارننگز بھی جاری کر دی گئی ہیں۔

