دو دن میں فتنہ الہندوستان کے 133 دہشت گرد ہلاک، 18 شہری اور 15 جوان شہید

راولپنڈی (آئی ایس پی آر) بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز نے دو روزہ کارروائیوں کے دوران فتنہ الہندوستان کے 133 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔ دہشت گردوں کی کارروائیوں میں 18 شہری شہید جبکہ سیکیورٹی فورسز کے 15 جوان جامِ شہادت نوش کر گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فتنہ الہندوستان کے اسپانسرڈ دہشت گردوں نے 31 جنوری کو بلوچستان کے مختلف علاقوں میں امن و امان خراب کرنے کی کوشش کی۔ دہشت گردوں نے کوئٹہ، مستونگ، نوشکی، دالبندین اور خاران میں کارروائیاں کیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کی بھرپور جوابی کارروائیوں میں دو دن کے دوران 133 دہشت گرد مارے گئے جن میں 3 خودکش بمبار بھی شامل تھے۔ بیان کے مطابق دہشت گردوں کا مقصد شہریوں کو نشانہ بنا کر صوبے میں عدم استحکام پیدا کرنا تھا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق گوادر اور خاران میں دہشت گردوں نے خواتین، بچوں اور مزدوروں سمیت 18 شہریوں کو شہید کیا، جبکہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے عزائم ناکام بنا دیے۔