دوحہ: پاک افغان مذاکرات —خواجہ آصف کی سربراہی میں 5 گھنٹے طویل نشست

دوحہ (نمائندہ خصوصی) —پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان قطر کے دارالحکومت دوحہ میں مذاکرات کا پہلا دور مکمل ہو گیا، جو پانچ گھنٹے سے زائد جاری رہا۔ فریقین نے سرحد پار دہشت گردی، علاقائی سلامتی اور باہمی تعاون سے متعلق امور پر تفصیلی بات چیت کی۔

پاکستانی وفد کی قیادت وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کی، جبکہ مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم ملک سمیت اعلیٰ حکام وفد میں شامل تھے۔ افغان وفد کی سربراہی عبوری وزیر دفاع ملا محمد یعقوب مجاہد نے کی، جن کے ہمراہ طالبان کے انٹیلی جنس چیف مولوی عبدالحق بھی شریک تھے۔

ذرائع کے مطابق، دونوں فریقین نے مذاکرات کے دوران اپنے خدشات اور شکایات ایک دوسرے کے سامنے رکھیں۔پاکستان نے مؤقف اپنایا کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور گل بہادر گروپ افغانستان سے کارروائیاں کرتے ہیں جبکہ اس حوالے سے پاکستان کے پاس ٹھوس شواہد موجود ہیں۔

پاکستانی وفد نے یہ نکتہ بھی اٹھایا کہ پاکستانی شہریوں کو افغانستان سے بھتے کی کالز موصول ہو رہی ہیں۔افغان وفد نے اس پر جواب دیا کہ پاکستان کی شکایت پر ایسے عناصر کیخلاف کارروائیاں کی جا چکی ہیں۔

ذرائع کے مطابق، مذاکرات کا دوسرا دور کل دوحہ میں دوبارہ ہوگا، جس کی میزبانی قطر کے انٹیلی جنس چیف کر رہے ہیں۔ پاکستان اس مذاکرات میں دراندازی کے خاتمے کے یک نکاتی ایجنڈے پر بات کر رہا ہے۔

قبل ازیں، ترجمان دفترِ خارجہ نے تصدیق کی تھی کہ وزیر دفاع خواجہ آصف کی سربراہی میں پاکستان کا ایک اعلیٰ سطحی وفد دوحہ میں افغان طالبان سے مذاکرات کریگا، جن کا مقصد سرحد پار دہشت گردی کے خاتمے کیلئے فوری اقدامات پر بات چیت کرنا ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق، پاکستان کسی قسم کی کشیدگی نہیں چاہتا، لیکن افغان حکام پر زور دیتا ہے کہ وہ بین الاقوامی برادری سے کیے گئے وعدوں کو پورا کریں۔ ترجمان نے کہا کہ افغان طالبان کو چاہیے کہ وہ پاکستان کے جائز سیکیورٹی خدشات دور کرنے کیلئے خاص طور پر فتنۃ الخوارج (کالعدم ٹی ٹی پی) اور فتنۃ الہندوستان (کالعدم بی ایل اے) کیخلاف تصدیق شدہ کارروائیاں کریں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان قطر کی ثالثی کی کوششوں کو سراہتا ہے اور امید رکھتا ہے کہ یہ مذاکرات خطے میں امن و استحکام کے فروغ کا باعث بنیں گے۔

دوسری جانب، افغان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ’ایکس‘ پر بتایا کہ وزیر دفاع مولوی محمد یعقوب مجاہد کی قیادت میں افغان حکومت کا ایک وفد پاکستان کے ساتھ مذاکرات کیلئےقطر روانہ ہوا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں