تہران: دورہ ایران کیلئے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو باضابطہ دعوت نامہ بھیج دیا ہے۔ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے تہران میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سعودی ولی عہد کو باضابطہ دعوت نامہ بھجوا دیا، میں خود بھی جلد سعودی عرب کا دورہ کروں گا، حوثی باغیوں کو ہائپر سونک بیلسٹک میزائل فراہمی کی خبروں میں سچائی نہیں۔
ڈاکٹر مسعود پزشکیان کا کہنا تھا کہ ایران کا میزائل پروگرام دفاعی مقاصد کیلئے ہے، میزائل پروگرام سے کسی بھی صورت دستبردار نہیں ہوں گے۔واضح رہے کہ دونوں ممالک کے درمیان برسوں سے جاری کشیدگی میں محمد بن سلمان کے دور میں کافی کمی آئی ہے بلکہ دنوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات استوار ہونے لگے ہیں۔اسی سلسلے میں ایرانی صدر مسعود پزیشکیان نے محمد بن سلمان کو باضابطہ دعوت نامہ ارسال کیا ہے جبکہ مسعود پزیشکیان کے عہدہ سنبھالنے پر انھیں سعودی ولی عہد نے کال بھی کی تھی۔
گزشتہ سال سفارتی تعلقات بحال ہونے کے بعد سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ایران کا سفارتخانہ 7 سال کے طویل عرصے بعد کھول دیا گیا تھا۔سعودی وزیر خزانہ محمد الجدعان نے اعلان کیا تھا کہ مملکت ایران کے ساتھ سفارتی تعلقات کی بحالی کے بعد ایران میں ’فوری‘ سرمایہ کاری کرنے کے لیے بھی تیار ہیں۔