دوسرا ون ڈے: جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 25 رنز سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی

لاہور(سپورٹس ڈیسک)قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میں بارش کے باعث میچ 46 اوورز تک محدود کیا گیا، جنوبی افریقہ نے پاکستان کو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 25 رنز سے شکست دے کر سیریز 0-2 سے اپنے نام کر لی۔

مہمان ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 3 وکٹوں کے نقصان پر 292 رنز بنائے۔ کپتان لارا وولوارٹ نے 10 چوکوں کی مدد سے 100 رنز کی اننگز کھیلی، جو ان کی نویں ون ڈے سنچری تھی۔ تیزمین برٹس نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ناٹ آؤٹ 171 رنز بنائے، جس میں 20 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔ یہ ان کے کیریئر کا سب سے بڑا اسکور اور سیریز میں دوسری سنچری تھی۔ دونوں بیٹرز نے کسی بھی وکٹ کیلئے جنوبی افریقہ ویمنز کی سب سے بڑی 260 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔ پاکستان کی جانب سے ڈیانا بیگ نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

بارش کے باعث پاکستان کو 313 رنز کا نظرثانی شدہ ہدف ملا۔ پاکستانی ویمنز نے بہترین مزاحمت دکھائی مگر 44.4 اوورز میں 287 رنز بنا سکیں، جو ون ڈے میں پاکستان ویمنز ٹیم کا دوسرا سب سے بڑا اسکور ہے۔

پاکستان کی اننگز میں سدرہ امین نے 110 گیندوں پر 122 رنز کی شاندار سنچری بنائی جس میں 13 چوکے شامل تھے۔ یہ ان کی سیریز میں دوسری اور مجموعی طور پر چھٹی سنچری تھی۔ انہوں نے نتالیہ پرویز کے ساتھ چوتھی وکٹ پر 146 رنز کی شراکت قائم کی، نتالیہ پرویز نے 7 چوکوں کی مدد سے 73 رنز بنائے، جو ان کی پہلی ون ڈے نصف سنچری تھی۔ عمیمہ سہیل نے 38 گیندوں پر 43 رنز بنائے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے نادین ڈی کلیرک نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

اس کامیابی کے ساتھ جنوبی افریقہ نے تین میچز کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی ہے۔ تیسرا اور آخری ون ڈے 22 ستمبر کو لاہور میں کھیلا جائیگا۔

اپنا تبصرہ لکھیں