دوسرا ٹی ٹوئنٹی: آسٹریلیا نے پاکستان کو 13 رنز سے شکست دیدی

سڈنی: تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 13 رنز سے شکست دیدی۔پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ آج سڈنی میں کھیلا گیا، جہاں آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف دوسرے ٹی 20 میں بھی کامیاب حاصل کرلی جس کے بعد کینگروز کو 3 میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہوگئی ہے۔آسٹریلیا نے پہلے کھیل کر 9 وکٹوں پر147 رنز بنائے، ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی ٹیم 134 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔

آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف جارحانہ انداز میں کھیل کا آغاز کیا تاہم پاکستان کیخلاف آسٹریلیا کی پہلی اور دوسری وکٹ 52رنز پر گری، اوپننگ بیٹر جیک فریزر 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اس کے بعد آسٹریلیا کے کپتان جوش انگلس بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے یہ دونوں وکٹیں حاصل حارث رؤف نے حاصل کیں۔پاکستان کے خلاف میزبان آسٹریلیا کی تیسری وکٹ 56 رنز پر گری، اوپنر میتھیو شارٹ 32 رنز بنا کر عباس آفریدی کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 4 اور عباس آفریدی نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ دو وکٹیں صفیان مقیم کے حصے میں آئیں۔ 148 رنز کے تعاقب میں پاکستان ٹیم 19.4اوورز میں 134 رنز بنا کر ہی آل آؤٹ ہوگئی۔پاکستان کی جانب سے عثمان خان نے 52 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جب کہ عرفان خان 37 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے اور کپتان محمد رضوان نے 16 رنز بنائے۔

قومی ٹیم کی جانب سے صاحبزادہ فرحان نے 5، عباس آفریدی نے 4، بابراعظم نے 3 اور حارث رؤف نے 2 رنز بنائے جبکہ پاکستان کے چار کھلاڑی صفر پر آؤٹ ہوئے جس سلمان آغا، شاہین آفریدی، نسیم شاہ اور سفیان مقیم شامل ہیں۔آسٹریلیا کے اسپینسر جانسن نے 26 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں، ایڈم زمپا نے2 اور زاویئر بارٹلیٹ نے ایک وکٹ لی، آسٹریلیا کے اسپینسر جانسن عمدہ بولنگ کارکردگی پرپلیئر آف دی میچ قرار پائے۔

آسٹریلیا کے خلاف آج دوسرے میچ میں قومی کرکٹ ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی تھی، حسیب اللہ کی جگہ سفیان مقیم کو ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔یاد رہے کہ پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں آسٹریلیا نے میکسویل کی شاندار اننگز کی بدولت کامیابی حاصل کی تھی، بارش کے باعث صرف 7اوورز کا کھیل ممکن ہوسکا تھا۔واضح رہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان اب تک 26 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کا انعقاد ہوچکا ہے، جبکہ دونوں ملکوں نے12، 12 میچز جیت رکھے ہیں جبکہ ایک میچ بے نتیجہ رہا اور ایک میچ ٹائی ہوا۔

اپنا تبصرہ لکھیں