ڈھاکا (اسپورٹس رپورٹس) دوسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان قومی کرکٹ ٹیم نے بنگلادیش قومی کرکٹ ٹیم کو 128 رنز سے شکست دے دی، جس کے بعد 3 میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہوگئی۔
ڈھاکا میں کھیلے گئے میچ کا فیصلہ ڈک ورتھ لوئیس میتھ کے تحت ہوا۔ بارش سے متاثرہ میچ میں بنگلادیش کو 32 اوورز میں 243 رنز کا ہدف ملا تھا تاہم میزبان ٹیم 114 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
پاکستان کی جانب سے معاذ صداقت اور حارث رؤف نے 3،3 جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ محمد وسیم جونیئر اور فہیم اشرف نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔میچ میں آل راؤنڈ کارکردگی پر معاذ صداقت کو بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
اس سے قبل پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 274 رنز اسکور کیے تھے۔ معاذ صداقت 75، سلمان علی آغا 64 اور محمد رضوان 44 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہے۔بنگلادیش کی جانب سے رشاد حسین اور مہدی حسن نے 3،3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ٹاس کے موقع پر بنگلادیشی کپتان مہدی حسن نے کہا کہ وہ گزشتہ میچ کی کامیابی کے فارمولے کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں اس لیے پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا گیا اور ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
پاکستان ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ بلے بازوں کو اپنی غلطیوں کا احساس ہے اور وہ اس میچ میں بہتر کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے اور اسپنر ابرار احمد کی جگہ حارث رؤف کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ پہلے میچ میں بنگلادیش نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ سیریز کا تیسرا اور آخری میچ اتوار کو کھیلا جائے گا۔

