اسلام آباد(نامہ نگار)دھند کے باعث ملک بھر میں فلائٹ آپریشن بری طرح متاثر ہوگیا ہے، جس کے نتیجے میں 8 پروازیں منسوخ جبکہ 63 پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں، ایک پرواز کو متبادل ایئرپورٹ پر لینڈ کرایا گیا۔
ذرائع کے مطابق فلائٹ شیڈول میں بتایا گیا ہے کہ لاہور کی 2 پروازیں منسوخ ہوئیں جبکہ 32 پروازوں کو 1 سے 14 گھنٹے تک تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔ کراچی سے لاہور جانے والی 5 پروازیں بھی متاثر ہوئیں جن میں ایک سے 8 گھنٹے تک تاخیر رپورٹ کی گئی۔
اسلام آباد ایئرپورٹ کی 6 پروازیں منسوخ کی گئیں جبکہ 15 پروازوں میں 1 سے 14 گھنٹے تک تاخیر ہوئی۔شیڈول کے مطابق جدہ سے سیالکوٹ آنے والی نجی ایئرلائن کی پرواز پی ایف 721 کو دھند کے باعث لاہور لینڈ کرایا گیا۔
اسی طرح ملتان سے جدہ جانے والی قومی ایئرلائن کی پرواز پی کے 839 کو 10 گھنٹے تاخیر کا سامنا ہے، جبکہ دھند کے باعث مزید تاخیر اور منسوخی کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔

