اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) —وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے شہداء نے اپنے خون سے ایک واضح لکیر کھینچ دی ہے، اب وقت آچکا ہے کہ دہشت گردی کیخلاف ٹھوس اور حتمی فیصلے کیے جائیں۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وہ راولپنڈی میں لیفٹیننٹ کرنل جنید شہید کی نمازِ جنازہ میں سپہ سالار کے ہمراہ شریک ہوئے، جنہوں نے بہادری اور شجاعت کی نئی مثال قائم کرتے ہوئے فتنۃ الخوارج کے 19 دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔
انہوں نے بتایا کہ آج صبح میجر سبطین حیدر کی نمازِ جنازہ میں بھی شرکت کی، جہاں شہداء کے اہلخانہ کے جذبے نے سب کے حوصلے بلند کر دیے۔ وزیراعظم نے کہا کہ شہداء کے اہلِ خانہ نے عزم ظاہر کیا کہ وہ ملک کی خاطر ہر قربانی دینے کیلئےتیار ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ یہ دہشت گرد دراصل دوست نما دشمن خوارج ہیں، جو افغانستان سے داخل ہو کر پاکستان میں دہشت گردی کرتے ہیں۔ انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ جس ملک نے ان لوگوں کو عزت دی، وہی آج اس کے خلاف دشمنی پر اتر آئے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ “اگر ہم نے دہشت گردی کا سر نہ کُچلا تو سب کی محنت رائیگاں جائیگی۔ اب مزید انتظار کی گنجائش نہیں، آگ اور پانی کا کھیل ختم کرنا ہوگا۔” انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ 24 کروڑ پاکستانی عوام اس بات پر یکسو ہیں کہ ان خوارج کا ہمیشہ کیلئے خاتمہ کیا جائے۔
غزہ کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے بتایا کہ ان کی سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات ہوئی، جس میں ٹرمپ نے کہا کہ “غزہ میں فی الفور جنگ بندی ہونی چاہیے، اور میں اسرائیل کو متنبہ کر چکا ہوں کہ مغربی کنارہ کبھی الگ نہیں ہوگا۔”
شہباز شریف نے کہا کہ غزہ میں امن کیلئے جاری پیش رفت میں پاکستان نے اپنا بھرپور اور مثبت کردار ادا کیا ہے۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ چین پاکستان کا دیرینہ اور قابلِ اعتماد دوست ہے، جس نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا۔ انہوں نے پاک-بھارت کشیدگی کم کرنے میں صدر ٹرمپ کے کردار کو بھی سراہا اور کہا کہ پاکستان چین کی دوستی اور تعاون کو کبھی فراموش نہیں کر سکتا۔
سعودی عرب کے حالیہ دورے کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ یہ دورہ تاریخی نوعیت کا تھا، اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ دفاعی معاہدے کو پوری قوم نے سراہا۔وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت اور قوم دہشت گردی کے خاتمے کیلئےایک پیج پر ہیں اور ملک کی سلامتی، استحکام اور امن کیلئے ہر ممکن اقدام کیا جائیگا۔

