نامور بھارتی اداکار کمل ہاسن نے پیشگوئی کی ہے کہ دیپیکا پڈوکون کا بچہ ایک دن فلم ساز بنے گا۔
اداکارہ دیپیکا پڈوکون جو اس وقت امید سے ہیں اور انہوں نے ریلیز کے مراحل میں موجود اپنی فلم کالکی 2898 اے ڈی میں ایک حاملہ ماں کا ہی کردار ادا کیا ہے۔
فلم کی کاسٹ اور عملہ اس وقت فلم کی پروموشن میں مصروف ہے اور اسی سلسلے میں ایک تقریب کے دوران بات کرتے ہوئے جنوبی بھارت کے سپر اسٹار اداکار کمل ہاسن نے دیپیکا پڈوکون کے بچے سے متعلق پیشگوئی بھی کر ڈالی۔
کالکی کرونیکلز کے نام سے ہونے والی اس بات چیت کے دوران کمل ہاسن کا کہنا تھا کہ دیپیکا پڈوکون کا بچہ کسی دن فلم ساز بن سکتا ہے۔
انہوں نے یہ تبصرہ دیپیکا کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کیا اور یہ بھی کہا کہ فلم کالکی 2898 اے ڈی اس بچے کی وجہ سے ہی ہے۔
واضح رہے کہ دیپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ نے رواں برس ہی فروری میں یہ اعلان کیا تھا کہ وہ جلد والدین بننے والے ہیں۔
اپنی سوشل میڈیا پوسٹ، جسے دونوں اسٹارز نے شیئر کیا، میں کچھ اس طرح تحریر تھا ’ستمبر 2024۔۔۔۔دیپیکا اور رنویر۔‘