یورپی ماہرین کی جانب سے کی جانے والی دو تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ مسلسل ذیابیطس کی بعض ادویات کے استعمال سے بینائی کے لیے اہم سمجھی جانے والی ’آپٹک نرو‘ (optic nerve) کے متاثر ہونے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔
طبی ویب سائٹ کے مطابق یورپی ملک ڈینمارک اور ناروے کے ماہرین کی جانب سے ذیابیطس کی مخصوص ادویات کا بینائی کے لیے اہم سمجھی جانے والی ’آپٹک نرو‘ پر اثر جانچنے کے لیے تحقیق کی گئی۔
ماہرین کی جانب سے ذیابیطس کے چار لاکھ سے زائد مریضوں کے ڈیٹا کا جائزہ لیا گیا، جو ذیابیطس سے بچاؤ کے لیے (Ozempic) نامی دوائی کا کثرت سے استعمال کرتے تھے۔
ماہرین نے پایا کہ طویل عرصے تک مذکورہ دوائی کے استعمال کرنے والے ذیابیطس کے مریضوں کی ’آپٹک نرو‘ متاثر ہوتی ہے، جس سے بینائی ختم ہونے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔
ماہرین نے واضح کیا کہ اگر ذیابیطس کے مریض مذکورہ دوائی استعمال نہیں کریں گے تو ان میں ذیابیطس کی وجہ سے دیگر متعدد امراض چشم بھی بڑھ سکتے ہیں جب کہ ان میں دیگر پیچیدگیاں بھی ہوسکتی ہیں۔
ماہرین کا کہنا تھا کہ ان کی تحقیق ذیابیطس کے مریضوں کو مذکورہ دوائی کا استعمال روکنے کے لیے نہیں تھی بلکہ اس کے منفی اثر جانچنے کے لیے تھی۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ ذیابیطس کے مریضوں میں علاج نہ کروانے یا ذیابیطس کی ادویات نہ لینے کی وجہ سے بھی امراض چشم ہوسکتے ہیں۔ذیابیطس کے مریضوں میں طویل المدتی بیماری میں امراض چشم سمیت دیگر پیچیدگیاں ہونے کے امکانات بھی بڑھ جاتے ہیں۔
’آپٹک نرو‘ آنکھ کے اندر سے شروع ہوتی ہے اور آنکھ کی پیدا کردہ نظر کے بارے میں تمام معلومات کو دماغ تک پہنچاتی ہے، اسی تار یا نس کے ذریعے دماغ اور آنکھ کا رابطہ رہتا ہے، جس سے بینائی درست رہتی ہے۔اگر آپٹک نرو ڈیمیج یا متاثر ہوجائے اور اسے خون کی ترسیل رک جائے تو بینائی کے مسائل ہوسکتے ہیں اور بعض کیسز میں اندھا پن بھی ہوسکتا ہے۔