راج پال یادیو نےجیل سے رہائی کے بعد انوکھی فرمائش کر دی

شاہجہاں پور (ایجنسیاں)بالی ووڈ اداکار راج پال یادیو نے جیل سے رہائی کے بعد جیلوں سے متعلق ایک منفرد مطالبہ کر دیا۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 54 سالہ اداکار نے چیک ڈس آنر کیس میں عدالتی احکامات پر خود کو جیل حکام کے حوالے کیا تھا اور بدھ کے روز رہائی حاصل کی۔ رہائی کے بعد انہوں نے فلمی برادری اور مداحوں کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔

اپنے آبائی گاؤں شاہجہاں پور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راج پال یادیو نے کہا کہ جیلوں کے اندر بھی سگریٹ نوشی کے لیے مخصوص جگہ ہونی چاہیے، جیسا کہ ریلوے اسٹیشنز اور ایئرپورٹس پر سہولت دستیاب ہوتی ہے۔اداکار کا کہنا تھا کہ جیلوں کو اصلاحی مراکز کے طور پر کام کرنا چاہیے جہاں قیدیوں کو بہتری اور تبدیلی کے منظم مواقع فراہم کیے جائیں۔

واضح رہے کہ نئی دہلی ہائی کورٹ نے چیک ڈس آنر کے متعدد مقدمات میں دی گئی رعایت واپس لیتے ہوئے انہیں 4 فروری تک سرینڈر کرنے کا حکم دیا تھا، جس پر انہوں نے تہاڑ جیل میں گرفتاری دی تھی۔