راولپنڈی: غیر قانونی چالان کرنے پر مجبور کرنے پر وارڈن نے افسران کو قانونی نوٹس بھیج دیا

راولپنڈی (نمائندہ خصوصی)راولپنڈی میں ٹریفک وارڈن احسن شاہ نے اپنے ہی چیف ٹریفک آفیسر فرحان اسلم، انسپکٹر ناصر جدون، انچارج چالان برانچ اور دیگر افسران کو قانونی نوٹس بھیج دیا، جس میں شہریوں پر غیر قانونی زائد چالان کرنے پر مجبور کرنے کا انکشاف کیا گیا ہے۔

نوٹس میں بتایا گیا کہ ریونیو اکٹھا کرنے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر 15 چالان کا ٹارگٹ دیا جاتا ہے اور اعلیٰ افسران وارڈنز کو غیر قانونی چالان کرنے پر مجبور کرتے ہیں، جو اختیارات کے ناجائز استعمال اور آئین کے آرٹیکل 4 اور 14 کی خلاف ورزی ہے۔ سی ٹی او راولپنڈی نے شہریوں پر کم چالان عائد کرنے پر 61 وارڈنز کو مجموعی طور پر 1 لاکھ 22 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔

دوسری جانب ٹریفک پولیس کے ترجمان نے کہا کہ وارڈنز کو چالان کا ٹارگٹ دینے کی کوئی حقیقت نہیں۔ ٹریفک کی نگرانی سیف سٹی کیمروں کے ذریعے کی جاتی ہے، اور جہاں کارروائی نہیں ہوتی وہاں متعلقہ عملے کے خلاف اقدامات کیے جاتے ہیں۔ ماسٹر کنٹرول روم سے خلاف ورزیوں کی فہرست بھیجی جاتی ہے، جس کے تحت 214 وارڈنز کو سزائیں، 3 وارڈنز کو نوکری سے برخاست اور 1,023 وارڈنز کو بہترین کارکردگی پر انعامات دیے گئے ہیں۔