ممبئی (ایجنسیاں) بالی وڈ اداکارہ رشمیکا مندانا نے آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے غلط استعمال کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اے آئی کے ذریعے ڈیپ فیک اور نامناسب ویڈیوز و تصاویر بنانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔
رشمیکا نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ اے آئی ترقی کی طاقت ہے، مگر اس کا استعمال فحش مواد بنانے اور خاص طور پر خواتین کی شناخت اور وقار کو نقصان پہنچانے کیلئے ایک “گہری اخلاقی زوال” کی علامت ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایسے افراد کو سخت اور ناقابل معافی سزا دی جائے۔
اداکارہ نے انڈین سائبر کرائم کوآرڈینیشن سینٹر کو ٹیگ کرتے ہوئے کہا کہ صارفین کو محتاط رہنا چاہیے اور اے آئی کا استعمال معاشرے کی تعمیر کیلئےہونا چاہیے، نہ کہ توہین یا استحصال کیلئے۔
یہ مطالبہ اس پس منظر میں سامنے آیا ہے جب نومبر 2023 میں ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی، جس میں رشمیکا کا چہرہ ڈیپ فیک طریقے سے ایک مشکوک ویڈیو پر لگا دیا گیا تھا۔ اس واقعے نے ڈیجیٹل شناخت، نجی زندگی اور سائبر قوانین پر بحث کو مزید ابھارا تھا۔

