روزنامہ “مشرق”کا اپنےورکرز کوفیز ٹو ایڈوانس 62ہزار5سودینےکا اعلان:پی یوجے کاخیرمقدم

سی ای او شوکت علی کاکڑ ،ایڈیٹر انچیف عبد الباقی کاکڑ ،ایم ڈی اشرف چودھری
گروپ ایڈیٹر اشرف سہیل اور ایڈیٹر عاطف سعید کا اعلان قابل ستائش ہے

میڈیا انڈسٹری کے کارکن مالی مسائل کا شکار ہیں،دیگر میڈیا اداروں کے مالکان بھی ایسے
تعاون کا اعلان کریں:صدر پی یوجےنعیم حنیف و جنرل سیکرٹری قمرالزمان بھٹی

لاہور (نامہ نگار) پنجاب یونین آف جرنلسٹس نے لاہور پریس کلب ہاؤسنگ کالونی فیز ٹو کے پہلے مرحلے میں روزنامہ مشرق لاہور کے ارکان پریس کلب کو ہاؤسنگ سکیم کیلئے 62 ہزار 5 سو روپے ایڈوانس کی ادائیگی میں روزنامہ مشرق کے سی ای او شوکت علی کاکڑ ،ایڈیٹر انچیف عبد الباقی کاکڑ،ایم ڈی اشرف چودھری ، گروپ ایڈیٹر اشرف سہیل اور ایڈیٹر عاطف سعید کی طرف سے کارکن صحافیوں کے ایڈوانس ادائیگی کے اعلان کو خوش آئند اور حوصلہ افزا قرار دے کر “مشرق” کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا ہے ۔ پی یوجے کے صدر نعیم حنیف ، جنرل سیکرٹری قمرالزمان بھٹی ،سینئر نائب صدر یوسف رضا عباسی ، نائب صدر ندیم زعیم ، جوائنٹ سیکرٹری مدثر حسین تتلہ ،شیر علی خالطی ، خزانچی نسیم قریشی اور ایگزیکٹو کونسل نے بیان میں کہا ہے کہ روزنامہ مشرق اور مشرق ڈیجیٹل کی انتظامیہ نے مشکل ترین مالی حالات میں کارکن صحافیوں کے مسائل کو پیش نظر رکھا ۔ ایسے موقع پر صحافیوں کیلئےفیز ٹو کے پلاٹ کیلئےایڈوانس کی مد میں 62 ہزار 5 سو روپے کی ادائیگی ایک مسئلہ تھا مگر گروپ ایڈیٹر اشرف سہیل کی تجویز پر مشرق کے ایڈیٹر انچیف عبد الباقی کاکڑ نے “مشرق” کے تمام فیز ٹو کے کارکنوں کی ادائیگی کا اعلان کر کے کارکن صحافیوں کے دل جیت لئے ہیں۔ پی یوجے کے صدر نعیم اور جنرل سیکرٹری قمرالزمان بھٹی نے کہا کہ مشرق انتظامیہ کی طرح باقی میڈیا اداروں کے مالکان بھی اپنے کارکنوں کو فیز ٹو کے ایڈوانس کی ادائیگی میں اسی نوعیت کے تعاون کا اعلان کریں ۔ انہوں نے بعض میڈیا اداروں میں دو سے تین ماہ کی تاخیر پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا اور خبردار کیا کہ اگر ان میڈیا مالکان نے تنخواہوں کی بروقت ادائیگی یقینی نہ بنائی تو پھر ایسے اداروں کیخلاف تحریری شکایت کی کارروائی عمل میں جائیگی جس سے ان کے اشتہارات سے کارکنوں کو واجبات کی ادائیگی ہوگی ۔