روسی وزارتِ خارجہ کی ترجمان ماریا ذاخارووا نے امریکی صدر کے غزہ امن منصوبے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ روس نے ہمیشہ فوری جنگ بندی اور غزہ میں خونریزی کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔ ہم اس بات پر پختہ یقین رکھتے ہیں کہ ایسے تمام اقدامات کا مقصد اس خونریز بحران کے خاتمے کی طرف بڑھنا ہو، ان کی بھرپور تائید اور حمایت کی جانی چاہیے۔ ہماری توقع ہے کہ جنگ بندی نہ صرف قائم ہوگی بلکہ پائیدار بھی ثابت ہوگی اور بالآخر فلسطینی خطے میں حقیقی اور دیرپا استحکام کا باعث بنے گی۔ اس کے نتیجے میں وہ سازگار حالات پیدا ہوں گے جو اس علاقے کے تباہ شدہ بنیادی ڈھانچے کی دوبارہ تعمیر و ترقی کے لیے ناگزیر ہیں، جسے حالیہ فوجی جھڑپوں کے دوران تقریباً مکمل طور پر برباد کر دیا گیا ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا اس منصوبے پر کامیاب اور مؤثر عمل درآمد اسرائیلی اور فلسطینی فریقین کے درمیان تعمیری مکالمے کی بحالی کی راہ ہموار کرے گا، تاکہ تمام متنازع امور کا جامع سیاسی تصفیہ تسلیم شدہ بین الاقوامی قانونی بنیاد پر ہو، جس کی رُو سے ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی یقین دہانی ہے اور اسرائیل کے ساتھ پرامن بقائے باہمی کی راہ نکلتی ہے۔

