روہت شرما فارغ، شبمن گل بھارتی ون ڈے ٹیم کے بھی کپتان ہونگے

نئی دہلی (ای ایس پی این/ کرک انفو/پی ٹی آئی)بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے ہفتے کے روز بڑا فیصلہ کرتے ہوئے چیمپئنز ٹرافی کے فاتح کپتان روہت شرما کو ون ڈے کی قیادت سے ہٹا دیا اور ان کی جگہ ٹیسٹ کپتان شبمن گل کو نیا کپتان مقرر کر دیا۔

شبمن گل اب بھارت کے ٹیسٹ اور ون ڈے کپتان ہوں گے۔روہت شرما کو اسکواڈ میں برقرار رکھا گیا، ویرات کوہلی کی بھی واپسی۔شبمن گل اپنی کپتانی کا آغاز آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز سے کریں گے۔

بی سی سی آئی کے مطابق 26 سالہ شبمن گل کو 2027 تک کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ وہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز سے قیادت کا آغاز کریں گے، جس میں 3 ون ڈے اور 5 ٹی20 میچز شامل ہیں۔

شبمن گل اس وقت بھارت کے ٹیسٹ کپتان ہیں اور ٹی20 میں نائب کپتان کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے رواں سال انگلینڈ کے خلاف سیریز میں روہت شرما کی جگہ ٹیسٹ قیادت سنبھالی تھی اور 754 رنز کے ساتھ 2-2 کی ڈرا سیریز میں اہم کردار ادا کیا۔

38 سالہ روہت شرما کو سلیکشن کمیٹی نے میٹنگ کے بعد قیادت سے ہٹایا، تاہم انہیں دورہ آسٹریلیا کیلئےاسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔سابق کپتان ویرات کوہلی بھی ون ڈے اسکواڈ میں واپس آگئے ہیں۔

“ون ڈے اسکواڈ بمقابلہ آسٹریلیا”
شبمن گل (کپتان)، روہت شرما، ویرات کوہلی، شریاس ایئر (نائب کپتان)، اکشر پٹیل، کے ایل راہل (وکٹ کیپر)، نیتیش کمار ریڈی، واشنگٹن سندر، کلدیپ یادو، ہرشیت رانا، محمد سراج، ارشدیپ سنگھ، پرسِدھ کرشنا، دھروو جُریل (وکٹ کیپر)، یشسوی جیسوال۔

“ٹی20 اسکواڈ”
سوریا کمار یادو (کپتان)، ابھیشیک شرما، شبمن گل (نائب کپتان)، تلاگ ورما، نیتیش کمار ریڈی، شیوم دوبے، اکشر پٹیل، جیتیش شرما (وکٹ کیپر)، ورون چکرورتی، جسپریت بمراہ، ارشدیپ سنگھ، کلدیپ یادو، ہرشیت رانا، سنجو سیمسن (وکٹ کیپر)، رنکو سنگھ، واشنگٹن سندر۔

اس فیصلے کے بعد بھارت میں ایک نئے دور کا آغاز ہو گیا ہے، جہاں شبمن گل نوجوان قیادت کے ساتھ دو فارمیٹس میں ٹیم کی کمان سنبھالیں گے، جب کہ تجربہ کار روہت شرما اور ویرات کوہلی کھلاڑی کے طور پر ٹیم کا حصہ رہیں گے۔

اپنا تبصرہ لکھیں