رکنِ پارلیمنٹ اقرا خالد سے معروف صحافی شاہ زیب خانزادہ کی ملاقات

مسِی ساگا (نمائندہ خصوصی)مسِی ساگا۔اِرن مِلز سے رکنِ پارلیمنٹ اقرا خالد سے سینئر سیاسی تجزیہ کار اور معروف براڈکاسٹ صحافی شاہ زیب خانزادہ نے اپنی اہلیہ رشنا خان کے ہمراہ اُن کے دفتر میں ملاقات کی۔ اس ملاقات میں پاکستان۔کینیڈا تعلقات، کمیونٹی ترجیحات اور بڑھتی ہوئی عالمی کشیدگی کے تناظر میں آزادیٔ اظہار اور انسانی حقوق کے تحفظ سے متعلق مختلف اُمور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے کینیڈین داخلی سیاست اور شمالی امریکا کی بدلتی ہوئی سفارتی صورتحال، خصوصاً کینیڈا۔امریکا تعلقات کے اہم پہلوؤں پر بھی گفتگو کی۔ ملاقات میں پاکستانی نژاد کمیونٹی کے مسائل اور ان کی ترجیحات بھی مرکزی حیثیت رکھتی تھیں۔

اقراخالد نے گفتگو کے دوران کہا کہ کینیڈا جیسے متنوع معاشرے میں باہمی رواداری، عزت و وقار اور احترامِ انسانیت کا فروغ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ اختلافِ رائے کسی بھی صورت میں نفرت یا دشمنی کا باعث نہیں بننا چاہیے۔ ہماری اصل قوت ایک دوسرے کو سننے، آزادیوں کا تحفظ کرنے اور ایسا معاشرہ تشکیل دینے میں ہے جہاں ہر فرد خود کو محفوظ، محترم اور قابلِ قدر محسوس کرے۔

رکن پارلیمنٹ نے خواتین کے حقوق سے متعلق معروف پروگرام کیس نمبر 9 کے ذریعے آگاہی پیدا کرنے پر شاہ زیب خانزادہ کی کاوشوں کو سراہا۔شاہ زیب خانزادہ نے اقراخالد کی جانب سے اسلاموفوبیا کے خلاف آواز بلند کرنے کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے ملاقات پر ان کا شکریہ ادا کیا۔