ری کلیم دا نائٹ: کلکتہ میں خواتین رات کا ڈر ختم کرنے نکل آئیں

کولکاتا: کولکاتا کے آر جی کر میڈیکل کالج میں خاتون ٹرینی ڈاکٹر کی عصمت دری اور قتل معاملہ پر ہو رہے مظاہرہ نے اب تشدد کی شکل اختیار کر لی ہے۔ جمعرات کی دیر رات ملک کے کئی مقامات پر 11.55 بجے ‘ری کلیم دی نائٹ’ نامی مظاہرہ شروع ہوا۔ اس مظاہرہ کو آزادی کی آدھی رات میں خواتین کی آزادی کی خاطر مظاہرہ کا نام دیا گیا۔ کولکاتا میں بھی اس طرح کے مظاہرے شروع ہوئے جس میں تھوڑی دیر بعد ہی مظاہرین پُرتشدد ہوگئے اور دیکھتے ہی دیکھتے حالات بگڑ گئے۔

رات 12 بجے ہجوم اسپتال کی ایمرجنسی بلڈنگ میں بیریکیڈ توڑ کر داخل ہوگیا اور توڑ پھوڑ کی۔ ایمرجنسی وارڈ کے اندر شاید ہی کچھ بچا ہو جس کو نقصان نہیں پہنچایا گیا۔ کھڑکی، بیڈ سے لے کر تمام میڈیکل آلات تک سب کچھ تہس نہس کر دیا گیا اور اسپتال میں بنے پولس بیرک کو بھی توڑ دیا گیا۔ ڈاکٹروں کے ساتھ بھی مار پیٹ کی گئی۔ اسپتال احاطہ میں جس مقام پر مظاہرین ڈاکٹر دھرنا دے رہے تھے وہاں پر بھی بدمعاشوں نے توڑ پھوڑ کی اور کرسیاں اور پنکھے توڑ ڈالے۔

مظاہرہ کے پُرتشدد ہونے کی بات کریں تو پہلے اسپتال کے باہر انصاف کے مطالبہ کے سلسلے میں نعرے لگے اور پھر دیکھتے ہی دیکھتے ہزاروں کی تعداد میں لوگ جمع ہو گؑئے۔ اس ہجوم نے اچانک اسپتال پر حملہ بول دیا۔ اس ایمرجنسی بلڈنگ پر بھی حملہ کیا جہاں خاتون ڈاکٹر کے ساتھ عصمت دری کرنے بعد اس کا قتل ہوا تھا۔ پولیس نے ہجوم کو قابو کرنے کے لیے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کے گولے چھوڑے۔ اس دوران کچھ پولیس اہلکار زخمی بھی ہو گئے۔ کولکاتہ پولیس نے اس معاملے میں کہا ہے کہ کچھ نامعلوم بدمعاشوں نے آرجی کر میڈیکل کالج میں توڑ پھوڑ کی۔ تقریباً 40 لوگوں کا ایک گروپ مظاہرین میں شامل ہوگیا تھا، انہی لوگوں نے اسپتال میں توڑ پھوڑ کو انجام دیا۔ کولکاتہ کے پولیس کمشنر ونیت گوئل نے کہا کہ اسپتال میں تعینات پولیس جوانوں کی تعداد کم تھی جس کی وجہ سے مشتعل ہجوم کو قابو میں نہیں کیا جاسکا۔

اپنا تبصرہ لکھیں