پشاور (اسپورٹس ڈیسک) – زلمی فاؤنڈیشن نے افغانستان میں حالیہ تباہ کن زلزلے سے متاثرہ خاندانوں کیلئے ایک کروڑ روپے امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔
پشاور زلمی اور زلمی فاؤنڈیشن کے چیئرمین جاوید آفریدی نے اپنے بیان میں کہا کہ”افغانستان میں زلزلے سے ہونے والی تباہی اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی دکھ ہے، ہم اپنے افغان بھائیوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔”
جاوید آفریدی نے کہا کہ زلمی فاؤنڈیشن متاثرین کی ہر ممکن مدد جاری رکھے گی۔انہوں نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔تنظیم ماضی میں بھی افغانستان میں آنے والی قدرتی آفات کے موقع پر امدادی سرگرمیوں میں پیش پیش رہی ہے۔فاؤنڈیشن نے ہمیشہ مشکل وقت میں افغان عوام کے ساتھ یکجہتی کا عملی ثبوت دیا ہے۔
رات گئے آنے والے زلزلے سے 800 سے زائد افراد جاں بحق اور 2700 سے زائد زخمی ہوئے۔سب سے زیادہ تباہی صوبہ کنڑ میں ہوئی، جہاں کئی گاؤں مکمل طور پر تباہ ہو گئے۔صوبہ ننگرہار اور لغمان میں بھی جانی و مالی نقصان کی اطلاعات ہیں۔

