لاس اینجلس(ایجنسیاں)ہالی ووڈ اداکارہ زوئے سالڈانا کی فلموں نے مجموعی طور پر 15 ارب ڈالر سے زائد کا بزنس کر لیا ہے، جس کے بعد انہوں نے رابرٹ ڈاؤنی جونیئر، ٹام کروز اور وین جانسن جیسے بڑے سپر اسٹارز کو کمائی میں پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق زوئے سالڈانا کی اب تک پانچ فلمیں باکس آفس پر ایک ارب ڈالر سے زیادہ کی کمائی کر چکی ہیں، جس کے ذریعے انہوں نے ہالی ووڈ کے کئی نامور اداکاروں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ جیمز کیمرون کی فلم اوتار: فائر اینڈ ایش کی شاندار کامیابی نے نہ صرف فلم ساز کو ایک بار پھر تاریخ کے سب سے زیادہ کمائی کرنے والوں میں شامل کر دیا بلکہ دنیا بھر میں باکس آفس پر حکمرانی بھی قائم کر دی ہے۔
فلم کی کامیابی کے بعد 37 سالہ امریکی اداکارہ زوئے سالڈانا سینما کی تاریخ کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی اداکارہ بن گئی ہیں۔ اس سے قبل یہ اعزاز اداکارہ اسکارلٹ جوہانسن کے پاس تھا، جنہوں نے گزشتہ سال نئی جراسک ورلڈ فلم کی کامیابی کے بعد یہ مقام حاصل کیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق زوئے سالڈانا کی مجموعی باکس آفس گروس بڑھ کر 15.5 ارب ڈالر ہو گئی ہے، جبکہ اسکارلٹ جوہانسن 15.4 ارب ڈالر کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ زوئے سالڈانا نے ایونجرز اور اوتار دونوں فلم فرنچائزز میں اہم کردار ادا کیے ہیں۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ زوئے سالڈانا اب تک دنیا کی سات سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلموں میں سے چار میں کام کر چکی ہیں، جن میں ٹاپ تھری فلمیں بھی شامل ہیں۔ ان کی تین اوتار فلموں نے مجموعی طور پر 6.6 ارب ڈالر کی آمدنی حاصل کی، جبکہ مارویل سینماٹک یونیورس کی فلموں میں گامورا کے کردار کے ذریعے ان کی فلموں نے 7.5 ارب ڈالر سے زائد کمائی کی۔ اس کے علاوہ وہ اسٹار ٹریک فلموں میں بھی جلوہ گر ہو چکی ہیں۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق زوئے سالڈانا کے پاس رواں سال کے آخر میں فلم ایونجرز: ڈومز ڈے میں کام کرکے اپنی مجموعی کمائی میں مزید اضافے کا موقع موجود ہے، جبکہ توقع کی جا رہی ہے کہ وہ اوتار سیریز کی باقی دو فلموں میں بھی کام کریں گی۔ یاد رہے کہ زوئے سالڈانا نے گزشتہ ماہ لاس اینجلس میں اوتار: فائر اینڈ ایش کے پریمیئر میں شرکت کی تھی۔
ماضی میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والے اداکاروں کی فہرست پر 1960 کی دہائی تک کلارک گیبل اور جان وین کا غلبہ رہا، جبکہ 1990 کی دہائی میں یہ مقام آرنلڈ شوارزنیگر اور سلویسٹر اسٹالون نے حاصل کر لیا تھا۔

