بنکاک( اسپورٹس رپورٹس)ساف ویمن فٹسال چیمپئن شپ میں پاکستان ویمن ٹیم دو مرتبہ برتری حاصل کرنے کے باوجود بھارت کے خلاف میچ جیتنے میں ناکام رہی، تاہم میچ سے قبل دونوں ممالک کی کپتانوں نے کھیل میں سیاست کو مسترد کرتے ہوئے اسپورٹس مین اسپرٹ کی مثال قائم کردی۔
بنکاک میں کھیلے گئے میچ سے قبل پاکستانی کپتان کائنات بخاری نے بھارتی ٹیم کی کپتان جگنت چنزن کو اجرک پیش کی۔ اس موقع پر دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے درمیان روایتی انداز میں ہائی فائیو ہوا اور دونوں کپتانوں نے مصافحہ بھی کیا، جسے کھیلوں کے حلقوں میں خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے۔
میچ میں پاکستان نے شاندار آغاز کیا اور کپتان کائنات بخاری نے چوتھے منٹ میں گول کرکے پاکستان کو برتری دلائی، تاہم دسویں منٹ میں بھارت کی آریا دھاناجی نے گول کرکے مقابلہ برابر کردیا۔ ہاف ٹائم تک اسکور ایک ایک رہا۔ دوسرے ہاف میں پاکستان نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 26ویں منٹ میں ازوا چوہدری اور 27ویں منٹ میں انمول ہرا کے گولز کی بدولت 3-1 کی برتری حاصل کی، مگر پاکستانی ٹیم اس برتری کو برقرار نہ رکھ سکی۔
میچ کے آخری لمحات میں بھارت نے جارحانہ حکمت عملی اپناتے ہوئے یکے بعد دیگرے چار گول اسکور کیے اور مقابلہ 5-3 سے اپنے نام کرلیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھارتی کرکٹ ٹیموں کی جانب سے مختلف مواقع پر کھیل میں سیاست کو شامل کرتے ہوئے پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ ملانے سے انکار کے واقعات سامنے آتے رہے ہیں، تاہم ساف ویمن فٹسال چیمپئن شپ میں دونوں کپتانوں کا رویہ کھیلوں کو سیاست سے بالاتر رکھنے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
پہلی مرتبہ انٹرنیشنل ایونٹ کھیلنے والی پاکستان ویمن فٹسال ٹیم ٹورنامنٹ میں اپنا اگلا میچ 21 جنوری کو نیپال کے خلاف کھیلے گی۔

