برامپٹن(نمائندہ خصوصی) برامپٹن میں سالانہ کمیونٹی گربا تقریب 25 ستمبر کو منعقد ہوگی، جس میں موسیقی، روایتی رقص، کھانے اور ثقافتی سرگرمیوں کے ذریعے شہریوں کو بھارتی ریاست گجرات کی روایتی ثقافت سے روشناس کرایا جائے گا۔
سٹی آف برامپٹن کے مطابق مفت تقریب ہیومنز فار ہارمنی کے اشتراک سے منعقد کی جارہی ہے، جو ثقافتی سرگرمیوں کے ذریعے شمولیت اور اتحاد کے فروغ کیلئے کام کرنے والی کمیونٹی تنظیم ہے۔ تقریب میں ہر سال سیکڑوں افراد شرکت کرتے ہیں۔
اس سال کی تقریب میں معروف فنکار ترُشا رامی اور درشن بودھیلیا خصوصی پرفارمنس پیش کریں گے، جبکہ مقامی فنکار بھی اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ تقریب میں کھانے پینے کے اسٹالز بھی ہوں گے اور شرکا کو روایتی گربا رقص میں براہ راست حصہ لینے کا موقع دیا جائے گا۔
تقریب جمعہ 25 ستمبر 2026 کو شام 7 بجے سے رات 10 بجے تک برامپٹن اسپورٹس پارک کے کبڈی میدان میں منعقد ہوگی۔ مقام 7575 کینیڈی روڈ ساؤتھ، برامپٹن ہے۔
گربا بھارتی ریاست گجرات کا روایتی عوامی رقص ہے جو بالخصوص نوراتری اور دیگر تہواروں اور خصوصی مواقع پر پیش کیا جاتا ہے۔ اس رقص میں تیز ردھم، رنگا رنگ لباس اور دائرے کی شکل میں رقص نمایاں خصوصیات ہیں، جبکہ گیت، تالیاں، جھانجھ اور ڈھول و ڈھولک جیسے روایتی ساز بھی استعمال کیے جاتے ہیں۔
میئر پیٹرک براؤن نے کہا کہ نوراتری کے دوران ہر سال برامپٹن رنگ، توانائی اور روایات سے بھر جاتا ہے، گربا شہر کی کمیونٹی کو ایک دوسرے کے قریب لاتا ہے اور یہ تقریب برامپٹن کے ثقافتی تنوع اور خوش آئند ماحول کی عکاسی کرتی ہے۔

