سرے، کینیڈا(نامہ نگار)سرے میں واقع بھارتی معروف کامیڈین کپل شرما کے ریسٹورنٹ کیپس کیفے پر نامعلوم افراد نے ایک بار پھر فائرنگ کر دی۔ یہ واقعہ گزشتہ چار ماہ کے دوران تیسری مرتبہ پیش آیا ہے۔ پولیس کے مطابق فائرنگ جمعرات کی صبح تقریباً 4:30 بجے ہوئی، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے نتیجے میں کیفے کے شیشے چٹخ گئے اور عمارت کی بیرونی دیواروں پر گولیوں کے نشانات واضح ہیں۔ کیفے واقعے کے وقت بند تھا۔سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں ایک گاڑی سے کیفے کے سامنے سے گزرتے ہوئے فائرنگ کی جا رہی ہے۔ پولیس نے ویڈیو کی مدد سے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
اسی دوران لارنس بشنوئی گینگ سے منسلک گینگسٹرز گولڈی ڈھلوں اور کلویرد سدھو نے سوشل میڈیا پوسٹ میں حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ کیپس کیفے ان کی “ٹارگٹ لسٹ” میں شامل ہے۔ پوسٹ میں کپل شرما کیلئےدھمکی آمیز پیغام بھی جاری کیا گیا ہے۔
“واضح رہے کہ اس سے قبل”
6 جولائی کو پہلی فائرنگ کا الزام بی کے آئی سے وابستہ لڈی گینگ پر عائد ہوا تھا.
7 اگست کو دوسری فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا.
مسلسل حملوں کے بعد مقامی کمیونٹی میں خوف و ہراس بڑھ گیا ہے۔ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ واقعے سے متعلق کسی بھی قسم کی اطلاع یا ویڈیو انہیں فراہم کی جائے تاکہ ملزمان کو جلد گرفتار کیا جا سکے۔سرے پولیس سروس نے تصدیق کی ہے کہ معاملے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور اضافی سیکیورٹی اقدامات پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔

