سعودی عرب کے قومی مرکز برائے موسمیات کا کہنا ہے کہ مکہ مکرمہ ریجن کے متعدد علاقے جمعے سے منگل تک موسلا دھار بارشوں کی زد میں رہیں گے۔سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مکہ ریجن کے علاقوں طائف، اضم اور العرضیات میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارشوں کی توقع ہے۔
سعودی محکمہ شہری دفاع کی جانب سے لوگوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے، کہ محفوظ مقامات پر رہیں، سیلابی مراکز، وادیوں اور نشیبی مقامات کی طرف نہ جائیں۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بارش کے دوران میڈیا اور سوشل نیٹ ورکنگ سائٹس کے ذریعے دی جانے والی ہدایات پر عمل کریں۔
دوسری جانب سعودی عرب میں موسم کا نیا رنگ دیکھنے میں آیا ہے جہاں مملکت کے کئی علاقے شدید ترین گرمی کی لپیٹ میں ہیں وہیں کچھ علاقے یخ بستہ ہواؤں کے گھیرے میں ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں کئی شہر جھلسا دینے والی گرمی کی زد میں ہیں جہان درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ کو چھو رہا ہے وہیں کچھ علاقے ایسے بھی ہیں جہاں موسم سرد ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مملکت میں الاحسا، حفر الباطن، تنہات، دہنا اور صمان گرم ترین علاقے ہیں جہاں گزشتہ روز درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ کو چھو رہا تھا جب کہ مکہ مکرمہ، دمام، المجمعہ، ینبع، ریاض، بریدہ، الخرج، وادی الدواسر اور رفحا میں پارہ 45 اور 44 ڈگری رہا۔
جبکہ مملکت میں السودہ کا علاقہ سرد ترین علاقہ رہا جہاں گزشتہ روز درجہ حرارت 13 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔اس کے علاوہ ابہا میں 19 جب کہ الباحہ، طائف، القریات اور طریق میں 22 سے 24 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا۔