سعودی عرب میں محکمہ شہری دفاع کی جانب سے ملک کے مختلف علاقوں میں آئندہ اتوار تک بارشوں کے حوالے سے الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق محکمہ شہری دفاع نے لوگوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔رپورٹس کے مطابق الجموم، میسان، مکہ مکرمہ، طائف، اضم، العرضیات، الکامل اور دیگر علاقے بارشوں کی زد میں رہیں گے۔
شہری دفاع کے مطابق نجران اور مدینہ منورہ ریجن میں ہلکی سے درمیانے درجے کی بارش جبکہ الباحہ، عسیر اور جازان ریجن بھی درمیانے درجے سے موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔
سعودی عرب کے محکمہ شہری دفاع کی جانب سے لوگوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے، کہ محفوظ مقامات پر رہیں، سیلابی مراکز، وادیوں اور نشیبی مقامات کی طرف نہ جائیں۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بارش کے دوران میڈیا اور سوشل نیٹ ورکنگ سائٹس کے ذریعے دی جانے والی ہدایات پر عمل کریں۔