پاکستانی پویلین کا افتتاح سفیر پاکستان احمد فاروق اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر NAVTTC محمد عامر جان نے کیا
پاکستانی ہنرمندوں کیلئےسعودی مارکیٹ میں نئے مواقع، ہر سال پانچ لاکھ نوجوانوں کی تربیت کا ہدف مقرر
ریاض (نمائندہ خصوصی) سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں بین الاقوامی ہیومن ریسورس اینڈ مین پاور ایکسپو کے ساتویں ایڈیشن کا آغاز ہوگیا، جس میں پاکستان سمیت متعدد ممالک نے شرکت کی۔ایکسپو کے دوران پاکستانی پویلین کا افتتاح سفیر پاکستان احمد فاروق اور نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (NAVTTC) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر محمد عامر جان نے کیا۔
ایگزیبیشن سینٹر ریاض میں منعقدہ اس بین الاقوامی نمائش میں انسانی وسائل، افرادی قوت، اور روزگار فراہم کرنے والی کمپنیوں کے اسٹالز لگائے گئے۔ پاکستان کی نمائندگی اوورسیز ایمپلائمنٹ کارپوریشن، وزیر اعلیٰ ہنرمند پنجاب پروگرام اور پہلی مرتبہ بلوچستان ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن اتھارٹی نے کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان احمد فاروق اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر عامر جان نے کہا کہ سعودی عرب پاکستانی افرادی قوت کیلئے ایک بڑی اور تیزی سے بڑھتی ہوئی مارکیٹ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ”پاکستان سے زیادہ سے زیادہ ہنرمند افراد کو سعودی عرب بھجوانے کیلئےہر سال پانچ لاکھ نوجوانوں کو تربیت دی جا رہی ہے۔ ہم نجی شعبے کو بھی دعوت دیتے ہیں کہ وہ آگے بڑھ کر نوجوانوں کو ہنر مند بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔”
تقریب کے دوران شرکاء نے مختلف پاکستانی اسٹالز میں گہری دلچسپی ظاہر کی اور پاکستانی ہنرمندوں کے معیار کو سراہا۔ایکسپو کے موقع پر ایک بین الاقوامی کانفرنس بھی منعقد کی گئی جس میں پاکستان، سری لنکا، بنگلہ دیش، ایتھوپیا اور دیگر ممالک کے سفیروں اور نمائندوں نے شرکت کی۔شرکاء نے سعودی عرب کو افرادی قوت کی سب سے بڑی ابھرتی ہوئی مارکیٹ قرار دیا اور کہا کہ
“سعودی عرب کی تیزی سے ترقی کرتی معیشت میں بڑے منصوبوں کی تیاری کے باعث تمام شعبوں میں تربیت یافتہ افرادی قوت کی طلب میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ لیبر برآمد کرنے والے ممالک اپنی افرادی قوت کو سعودی مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق تیار کریں۔”
نمائش کے اختتام پر پاکستانی وفد نے سعودی حکام اور بین الاقوامی کمپنیوں کے نمائندوں سے دوطرفہ تعاون پر بات چیت کی اور مستقبل میں باہمی روابط مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

