سعودی عرب میں خاتون نے سوکن کو جگر عطیہ کرکے انسانیت کی مثال قائم کردی

طائف(بیورورپورٹ) — ایک غیر معمولی اور انسان دوستی کی مثال میں، سعودی شہری نورا سالم الشمری نے اپنی سوکن تغرید عوض السعدی کو جگر عطیہ کر کے سب کو حیران کر دیا۔

تغرید عوض السعدی طویل عرصے سے ڈائیلیسز پر تھیں اور ان کے دونوں گردے ناکارہ ہوچکے تھے، جبکہ جان بچانے کیلئےجگر ٹرانسپلانٹ واحد حل رہ گیا تھا۔ ان کے شوہر، ماجد بلدہ الروقی، علاج کیلئےانہیں امریکا بھی لے گئے لیکن کوئی کامیابی نہ مل سکی۔

بالآخر ماجد الروقی نے اپنی پہلی اہلیہ، نورا سالم الشمری، کو دوسری بیوی کیلئے جگر عطیہ کرنے پر راضی کیا۔ نورا نے اللہ کی رضا کیلئے اپنے جگر کا 80 فیصد عطیہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ طبی جانچ کے بعد یہ عطیہ ممکن قرار پایا اور پیوند کاری کامیابی سے مکمل ہوئی۔

آپریشن کے دوران تغرید نے اپنی سوکن سے کہا کہ اگر وہ زندہ نہ رہ سکیں تو ان کے پانچ بچوں کی دیکھ بھال کریں۔ یہ واقعہ خاندانی محبت، قربانی اور انسانی ہمدردی کی ایک نادر مثال کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں