ریاض (رائٹرز/اے ایف پی)سعودی جنرل اتھارٹی برائے شماریات کے مطابق رواں سال 2025 کی پہلی سہ ماہی میں عمرہ زائرین کی تعداد ایک کروڑ 52 لاکھ 22 ہزار 497 تک پہنچ گئی ہے، جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 10 فیصد زیادہ ہے۔
اعدادوشمار کے مطابق سعودی شہریوں نے بھی بڑی تعداد میں عمرہ ادا کیا، جن کا تناسب 24 فیصد رہا۔ مجموعی زائرین میں مردوں کی شرح 60.5 فیصد جبکہ خواتین کی شرح 39.5 فیصد رہی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بیرونِ ملک سے آنے والے عمرہ زائرین کی تعداد 65 لاکھ 23 ہزار 630 رہی، جو گزشتہ سال کی پہلی سہ ماہی کے مقابلے میں 10.7 فیصد زیادہ ہے۔ ان میں سے 82.2 فیصد زائرین فضائی راستے سے مملکت میں داخل ہوئے۔
مزید اعدادوشمار کے مطابق 86 لاکھ 98 ہزار 867 افراد نے اندرونِ مملکت سے عمرہ ادا کیا، جن میں 58 فیصد غیر ملکی تھے۔مدینہ منورہ جانے والے زائرین کی تعداد بھی نمایاں رہی، جو 64 لاکھ 52 ہزار 696 تک پہنچی۔ ان میں سے 44 لاکھ 12 ہزار 689 زائرین بیرونِ ملک سے آئے تھے۔

