سعودی عرب: نئی عمرہ پالیسی ،ویزہ کے اجرا کے 30 دن کے اندر سفر لازمی

ریاض (نمائندہ خصوصی) سعودی وزارتِ حج و عمرہ نے عمرہ زائرین کیلئے نئی پالیسی کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت عمرہ ویزہ جاری ہونے کے بعد 30 دن کے اندر سعودی عرب کا سفر لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔ مقررہ مدت کے بعد سفر نہ کرنے کی صورت میں ویزا خودکار طور پر منسوخ کر دیا جائیگا۔

قومی کمیٹی برائے عمرہ کے مشیر احمد باجعیفر کے مطابق، عمرہ ویزے کی مدت سے متعلق نئے ضوابط آئندہ ہفتے سے نافذ ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ اس فیصلے کا مقصد حرمین شریفین میں غیر معمولی ازدحام پر قابو پانا اور زائرین کی گنجائش کے مطابق ویزوں کا اجرا یقینی بنانا ہے۔

مشیر کے مطابق، اب عمرہ ویزہ جاری ہونے کے 30 دن کے اندر سعودی عرب کا سفر کرنا لازمی ہوگا، بصورت دیگر ویزہ ازخود منسوخ تصور کیا جائے گا۔اس سے قبل، عمرہ ویزہ جاری ہونے کے تین ماہ تک سعودی عرب کا سفر ممکن تھا۔ تاہم، نئے ضوابط کے تحت یہ مدت ایک ماہ کر دی گئی ہے۔

احمد باجعیفر نے مزید کہا کہ حالیہ ایام میں مملکت میں موسم بتدریج بہتر ہو رہا ہے، اور رمضان المبارک کے دوران بڑی تعداد میں زائرین کی آمد متوقع ہے۔ اسی لیے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں رہائش، ٹرانسپورٹ اور سہولتوں کی گنجائش کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ پالیسی اپنائی گئی ہے، تاکہ غیر معمولی ازدحام پر قابو پایا جا سکے۔

اپنا تبصرہ لکھیں