سعودی عرب پر حملوں نے پاکستان کو مشکل صورتحال سے دوچار کر دیا:الجزیرہ

دوحہ (الجزیرہ/عرب میڈیا) عرب ٹی وی چینل الجزیرہ نے اپنے تجزیے میں کہا ہے کہ ایران کی جانب سے سعودی عرب اور خلیجی ممالک پر حملوں نے پاکستان کو ایک مشکل سفارتی صورتحال سے دوچار کر دیا ہے۔

الجزیرہ کے مطابق بڑھتی ہوئی علاقائی کشیدگی کے باعث پاکستان کے لیے ایران اور سعودی عرب کے درمیان تنازع میں غیر جانبدار رہنا آسان نہیں ہوگا۔

تجزیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اب تک ایران اور سعودی عرب کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی کوششیں کر رہا ہے اور ایرانی قیادت کو یہ پیغام بھی دے رہا ہے کہ وہ سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کے دفاعی معاہدے کو مدنظر رکھے۔

ماہرین کے مطابق اس وقت اسلام آباد کے پاس سب سے مضبوط راستہ سفارت کاری ہے، تاہم اگر سعودی عرب کی توانائی تنصیبات اور دیگر اہم انفرا اسٹرکچر پر حملوں میں اضافہ ہوتا ہے تو ریاض پاکستان سے دفاعی تعاون کا مطالبہ کر سکتا ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر پاکستان معاہدے کے تحت اپنے وعدوں کو پورا نہیں کرتا تو اس سے پاک سعودی تعلقات کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچنے کا خدشہ بھی پیدا ہو سکتا ہے۔