سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ سلطان بن عبدالعزیز انتقال کر گئے ہیں۔اُن کے انتقال کی خبر کا اعلان ہفتے کو سعودی ذرائع ابلاغ کے ذریعے کیا گیا، شہزادہ سلطان کی عمر 81 سال تھی۔اطلاعات کے مطابق ان کا انتقال امریکہ میں ہوا جہاں وہ علاج کیلئےگئے ہوئے تھے۔
شہزادہ سلطان سعودی عرب کی انتہائی بااثر اور بااختیار شخصیات میں سے ایک تھے اور 2010ء کے اواخر میں جب شاہ عبداللہ نیویارک میں آپریشن کیلئے گئے تو شہزادہ سلطان نے ان کی غیر موجودگی میں ملک کی باگ ڈور سنبھالی تھی۔
ولی عہد شہزادہ سلطان 1963 سے ہوابازی اور دفاع کے وزیر بھی تھے۔ حالیہ برسوں میں مختلف طبی مسائل کی وجہ سے ان کی صحت خراب رہنے لگی تھی۔2009ء میں نیویارک میں ان کا آپریشن ہوا تھا تاہم ان کی بیماری کو خفیہ رکھا گیا۔