سعودی عرب:طوفانی بارش سے تباہی،سکول بند، متعدد عمارتوں کی چھتیں گر گئیں

ربیغ / جدہ / مدینہ منورہ (ایجنسیاں) سعودی عرب میں گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارشوں اور تیز ہواؤں نے شدید تباہی مچادی ہے۔ربیغ میں شدید بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے، تیز ہواؤں سے متعدد عمارتوں کی چھتیں گر گئیں اور کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ کئی گاڑیاں بھی ملبے تلے دب گئیں۔

مدینہ منورہ اور ملحقہ علاقوں میں بھی موسلادھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس سے نشیبی علاقے متاثر ہوئے ہیں۔محکمہ موسمیات کی وارننگ کے بعد جدہ اور ربیغ میں آج تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے اور کلاسز آن لائن جاری رہیں گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ طلبہ اور عملے کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے کیا گیا۔شدید بارش کا سلسلہ دیگر شہروں کی جانب بڑھ رہا ہے اور موسم سرد اور بعض مقامات پر دھند کا امکان ہے۔