سعودی عرب:غیرقانونی تارکین وطن کے خلاف کریک ڈاؤن، 22 ہزار گرفتار

ریاض(وقائع نگار خصوصی) سعودی عرب میں اقامہ، محنت اور سرحدی قوانین کی خلاف ورزی پر کریک ڈاؤن جاری، ایک ہفتے کے دوران 22 ہزار سے زائد غیر قانونی تارکین وطن گرفتار۔ اینٹی کرپشن اتھارٹی کی کارروائی میں 425 سرکاری اہلکاروں کے خلاف تحقیقات، 142 کو حراست میں لے لیا گیا۔

سعودی وزارت داخلہ کی تازہ رپورٹ کے مطابق، 22 سے 28 جولائی 2025 کے دوران مملکت بھر میں اقامہ، محنت اور سرحدی قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں عمل میں لائی گئیں، جن میں مجموعی طور پر 22,147 غیرقانونی تارکین وطن کو گرفتار کیا گیا۔

گرفتار شدگان میں سے سب سے بڑی تعداد ان افراد کی تھی جو اقامہ قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے۔ ایسے 13,835 افراد مختلف علاقوں سے حراست میں لیے گئے۔ مزید 4,772 افراد اس وقت گرفتار ہوئے جب وہ غیر قانونی طریقے سے سعودی عرب میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔

محنت کے قوانین کی خلاف ورزی پر 3,540 غیر ملکی مزدور بھی حکام کے نشانے پر آئے جنہیں گرفتار کرکے قانونی کارروائی کیلئے متعلقہ اداروں کے حوالے کر دیا گیا ہے۔وزارت داخلہ نے بیان میں کہا ہے کہ مملکت میں قانون کی پاسداری ہر فرد کی ذمہ داری ہے اور خلاف ورزی پر بلاامتیاز سخت کارروائی جاری رہے گی۔

دوسری جانب سعودی اینٹی کرپشن اتھارٹی نے جولائی 2025 کے دوران کرپشن کے درجنوں کیسز میں تحقیقات کیں، جن کے نتیجے میں 425 سرکاری اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی گئی۔ ان میں سے 142 اہلکار رشوت، اختیارات کے ناجائز استعمال اور دیگر الزامات کے تحت گرفتار کر لیے گئے۔

سعودی حکومت نے واضح کیا ہے کہ ملک میں شفافیت اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنانے کیلئے غیر قانونی تارکین وطن کے ساتھ ساتھ کرپشن میں ملوث سرکاری افسران کے خلاف بھی سخت اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں