سعودی عرب:پاکستانی شہری کو ہیروئن اسمگلنگ کے الزام میں موت دیدی گئی

سعودی عرب میں پاکستانی شہری کو ہیروئن اسمگلنگ کے الزام میں موت کی سزا دے دی گئی۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وزارت داخلہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ندیم شہزاد نامی پاکستانی شہری کو ہیروئن اسمگلنگ کے الزام میں حراست میں لیا گیا تھا۔وزارت داخلہ کے بیان کے مطابق جرم ثابت ہونے پر مقامی عدالت کی جانب سے موت کی سزا سنائی، جس کو اپیل کورٹ اور سپریم کورٹ نے برقرار رکھا۔

بیان میں کہا گیا کہ مجرم کی سزائے موت پر آج دمام میں عمل درآمد کردیا گیا، اس سزا کا اعلان اس لیے کیا گیا تاکہ مملکت میں منشیات فروشی میں ملوث افراد کو خبردار کیا جاسکے۔اس سے قبل سعودی عرب میں مملکت سے غداری کرنے پر 3 سعودی شہریوں کو پھانسی پر لٹکا دیا گیا تھا۔

وزارت داخلہ کے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا تھا کہ جن شہریوں کو پھانسی کی سزا دی گئی ہے اُن تینوں شہریوں کا تعلق دہشتگرد تنظیموں سے تھا۔عرب میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے سزائے موت پانے والے ملزمان میں حنیفیس الھدلی، ماجدی بن محمد بن عطین الکعبی اور ریاض بن عامر بن مطر بن الکعبی شامل ہیں۔

تینوں ملزمان نے دہشتگردوں کی تنظیموں کی سہولت کاری کی اور دہشتگردانہ سوچ اختیار کرتے ہوئے خون ریزی کا حصہ بننے کی کوشش کی۔ملزمان پر یہ بھی الزام عائد تھا کہ انہوں نے عوام کو مشتعل کرنے کی کوشش کی، تینوں کو الزامات ثابت ہونے پر پھانسی دیدی گئی۔

اپنا تبصرہ لکھیں