ملائیشیا (نمائندہ خصوصی) – سلطان جوہر جونیئر ہاکی کپ کے ہائی وولٹیج میچ میں پاکستان اور روایتی حریف بھارت کے درمیان دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلہ 3-3 گول سے برابر ہو گیا۔
میچ کے پہلے کوارٹر میں قومی ٹیم کے کپتان حنان شاہد نے پنالٹی اسٹروک پر گول کر کے پاکستان کو 1-0 کی برتری دلائی۔ دوسرے کوارٹر میں دونوں ٹیموں نے بھرپور حملے کیے لیکن کوئی گول نہ کر سکیں۔
تیسرے کوارٹر میں صفیان خان نے گول کر کے پاکستان کی برتری 2-0 کر دی، تاہم بھارت کے ہندال ہراجیت سنگھ نے پنالٹی اسٹروک پر گول کر کے مقابلہ 2-1 پر پہنچایا۔ چوتھے کوارٹر میں بھارت نے دوبارہ گول کر کے مقابلہ 2-2 سے برابر کر دیا، اور بعد ازاں من میت سنگھ نے بھارت کو 3-2 کی برتری دلائی، لیکن صفیان خان نے ایک اور گول کر کے میچ 3-3 سے برابر کر دیا۔
میچ میں شاندار پرفارمنس پر صفیان خان کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔
میچ کے آغاز سے قبل دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے یکجہتی اور کھیل کے جذبے کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک دوسرے سے ہاتھ ملایا۔
واضح رہے کہ ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے میزبان ملائیشیا کو 7-2 سے شکست دی تھی جبکہ دوسرے میچ میں قومی ٹیم کو برطانیہ سے 5-1 کی شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

