اداکار عدنان شاہ ٹیپو کی اہلیہ نے اپیل کی ہے کہ پاکستان میں ایسے اسکولز بنانے چاہئیں جس میں صرف مشہور شخصیات کے بچے زیرِ تعلیم ہوں۔شو کی میزبان نے عدنان ٹیپو سے سوال کیا کہ آپ ایک اداکار ہیں تو کیا اس سے آپ کی بیٹیوں کو اسکول میں فائدہ ہوتا ہے کہ اُن کے والد اداکار ہیں؟
اس سوال کے جواب میں عدنان ٹیپو نے کہا کہ فنکاروں کے بچوں کو اسکول میں جہاں فائدہ حاصل ہوتا ہے تو وہیں کئی مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے کیونکہ آج کل سوشل میڈیا کا زمانہ ہے سب کی پرائیوسی ہی ختم ہوگئی ہے۔
اداکار عدنان ٹیپو نے کہا کہ بیٹیوں کو اسکول میں اتنا تنگ کیا گیا کہ وہ مجھے گھر پر آکر کہتی بابا اب آپ نے منفی رول پلے نہیں کرنا ہے ورنہ اسکول میں ہمارا مذاق بنایا جائے گا۔
عدنان ٹیپو کی بات کاٹتے ہوئے اُن کی اہلیہ نے کہا کہ ہماری بیٹیوں کو اسکول میں بہت زیادہ تنگ کیا جاتا ہے، میری تو حکومت سے درخواست ہے کہ وہ پاکستان میں ایسے اسکولز بنائیں جہاں صرف سلیبریٹیز کے بچے زیرِ تعلیم ہوں کیونکہ مجھے اور میری بیٹیوں کو بہت کچھ سہنا پڑتا ہے۔
عدنان ٹیپو کی اہلیہ نے مزید کہا کہ میری بیٹی کو کہا گیا تمھارے بابا کو کبھی اچھا رول نہیں ملتا ہم تو تم سے دوستی نہیں رکھیں گے، اس طرح دوسرے بچوں میں احساس کمتری ہوتی ہے۔