نئی دہلی(ایجنسیاں)بھارت کے بانی رہنما کے خاندان سے تعلق رکھنے والی کانگریس پارٹی کی سینئر رہنما پریانکا گاندھی کے صاحبزادے اور سونیا گاندھی کے نواسے رائہان واڈرا نے اپنی دیرینہ اسکول دوست آویوا بیگ سے منگنی کر لی ہے۔ یہ منگنی دونوں خاندانوں کی مکمل رضامندی اور حمایت سے طے پائی ہے، جس نے سیاسی اور سماجی حلقوں میں خاصی توجہ حاصل کر لی ہے۔
ذرائع کے مطابق رائہان واڈرا، جو معروف بزنس مین رابرٹ واڈرا کے بیٹے ہیں، اور آویوا بیگ ایک دوسرے کو گزشتہ سات برس سے جانتے ہیں۔ وقت کے ساتھ یہ دوستی مضبوط رشتے میں بدل گئی اور اب دونوں نے باقاعدہ شادی کا فیصلہ کر لیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق رائہان واڈرا اور آویوا بیگ کی شادی آئندہ برس متوقع ہے، جبکہ شادی کی تقریبات کے لیے راجستھان کے کسی تاریخی مقام کا انتخاب کیے جانے کا امکان ہے۔
رائہان واڈرا کی منگیتر آویوا بیگ کا تعلق دہلی کے ایک معروف اور بااثر بیگ خاندان سے ہے۔ ان کے والد عمران بیگ ایک معروف مسلم بزنس مین ہیں، جبکہ والدہ نندیتا بیگ بھارت کی ممتاز ہندو انٹیریئر ڈیزائنرز میں شمار ہوتی ہیں۔ نندیتا بیگ کا کانگریس پارٹی سے پیشہ ورانہ تعلق بھی رہا ہے اور وہ پریانکا گاندھی کی قریبی دوست بھی بتائی جاتی ہیں۔
تعلیمی اعتبار سے آویوا بیگ نے دہلی کے معروف تعلیمی ادارے ماڈرن اسکول سے ابتدائی تعلیم حاصل کی، بعد ازاں او پی جندل گلوبل یونیورسٹی سے میڈیا کمیونیکیشن اور جرنلزم میں گریجویشن کی ڈگری حاصل کی۔
پیشہ ورانہ طور پر آویوا بیگ ایک فوٹوگرافر، پروڈیوسر اور تخلیقی صنعت سے وابستہ کاروباری شخصیت ہیں۔ وہ Atelier 11 نامی ایک تخلیقی اور فوٹوگرافی پروڈکشن اسٹوڈیو کی شریک بانی بھی ہیں، جو فیشن، میڈیا اور آرٹ کے شعبوں میں سرگرم ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق آویوا بیگ نے کبھی اپنے مذہب کے حوالے سے عوامی سطح پر کوئی بیان نہیں دیا، حالانکہ ان کا تعلق ایک مخلوط مذہبی گھرانے سے ہے۔ یاد رہے کہ پریانکا گاندھی خود ایک ہندو خاندان سے تعلق رکھنے کے باوجود ایک عیسائی بزنس مین رابرٹ واڈرا سے شادی کر چکی ہیں، جسے بھارت میں بین المذاہب ہم آہنگی کی ایک نمایاں مثال سمجھا جاتا ہے۔
یہ منگنی نہ صرف ایک ذاتی تقریب ہے بلکہ بھارت کے سیاسی اور سماجی منظرنامے میں بھی اسے خاص اہمیت دی جا رہی ہے۔

