سویڈن میں گرمی کی شدید لہر 49 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، سن 1975 کے ماہ ستمبر میں درجہ حرارت 29,1 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا، آج درجہ حرارت 31.1 سینٹی گریڈ تک جا پہنچا۔موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث اب سرد ملکوں میں ماہ ستمبر میں بھی گرمی کا راج ہے، یورپ کے سرد ترین ملکوں میں شمار ہونے والے ملک سویڈن میں ماہ ستمبر میں آج گرمی کی شدید لہر نے 49 سالہ ریکارڈ توڑ دیا، مالمو شہر کے اسکول میں جب درجہ حرارت 29 ڈگری تک پہنچا تو اسکول انتظامیہ نے بچوں کو گھر بھجوا دیا، ہیلسنگبوری شہر میں درجہ حرارت 31.1 ریکارڈ کیا گیا جو کہ ماہ ستمبر میں تاریخی درجہ حرارت مانا جارہا ہے، گرمی کے باعث عوام کی بڑی تعداد نے ساحل سمندر کا رخ کرلیا۔ سویڈن کے محکمہ موسمیات کے مطابق سویڈن کی تاریخ میں ماہ ستمبر کا آج گرم ترین دن ہے جس کے باعث مختلف شہروں میں کئی برسوں کے ریکارڈ ٹوٹ گئے جبکہ مزید کچھ دنوں تک موسم گرم رہے گا۔