سٹی آف برامپٹن میں نئی اور تجدید شدہ الحاق شدہ نیبرہُڈ ایسوسی ایشنز کیلئے درخواستوں کا آغاز

برامپٹن(سٹی آف برامپٹن، کمیونٹی سیفٹی اینڈ ویل بینگ آفس) سٹی آف برامپٹن نے 2026 کیلئے افیلی ایٹڈ نیبرہُڈ ایسوسی ایشنز پروگرام کے تحت نئی اور تجدیدی درخواستیں وصول کرنا شروع کر دی ہیں، جس کے تحت اب تک 52 سے زائد نیبرہُڈ گروپس قائم ہو چکے ہیں۔ یہ ایسوسی ایشنز کمیونٹی کے افراد کو یکجا کرنے، محلوں میں تحفظ، باہمی روابط اور فلاح و بہبود کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

سٹی آف برامپٹن کی افیلی ایٹڈ نیبرہُڈ ایسوسی ایشن بننے سے کمیونٹی میں بامعنی روابط قائم کرنے کا موقع ملتا ہے، جبکہ نیبرہُڈ کی قیادت میں منصوبوں اور سرگرمیوں کیلئے نرچرنگ نیبرہُڈ گرانٹ کے ذریعے فنڈنگ بھی حاصل کی جا سکتی ہے۔ پہلی مرتبہ درخواست دینے والی ایسوسی ایشنز کو 1500 ڈالر تک کی گرانٹ مل سکتی ہے، جبکہ 2024 اور 2025 میں افیلی ایٹڈ رہنے والی ایسوسی ایشنز اگر تجدید کرائیں تو وہ 2000 ڈالر تک کی فنڈنگ حاصل کر سکتی ہیں۔

شہری موجودہ افیلی ایٹڈ نیبرہُڈ ایسوسی ایشن میں شامل ہو کر یا اپنے علاقے میں نئی ایسوسی ایشن قائم کر کے اس پروگرام میں حصہ لے سکتے ہیں۔ برامپٹن بھر میں موجود ایسوسی ایشنز کا نقشہ اور ڈائریکٹری دیکھ کر مقامی گروپس سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ جن علاقوں میں ابھی کوئی ایسوسی ایشن موجود نہیں، وہاں رہائشیوں کو اپنی ایسوسی ایشن قائم کرنے کی ترغیب دی جا رہی ہے۔ نئی اور پرانی دونوں اقسام کی ایسوسی ایشنز 30 اپریل تک آن لائن درخواست دے سکتی ہیں۔ درخواست، اہلیت اور پروگرام سپورٹ سے متعلق تفصیلات brampton.ca/communitysafety پر دستیاب ہیں۔

افیلی ایٹڈ نیبرہُڈ ایسوسی ایشن کم از کم 20 رضاکار رہائشیوں پر مشتمل ہوتی ہے جو ایک ہی محلے سے تعلق رکھتے ہیں اور اپنے علاقے کی بہتری کیلئےمشترکہ طور پر کام کرتے ہیں۔ ان ایسوسی ایشنز کو کمیونٹی سیفٹی اینڈ ویل بینگ آفس کے ایک نمائندے کی معاونت بھی حاصل ہوتی ہے، جو رہنمائی اور مشورہ فراہم کرتا ہے۔

2025 کے دوران 52 نیبرہُڈ ایسوسی ایشنز کو سٹی آف برامپٹن سے الحاق حاصل ہوا اور نرچرنگ نیبرہُڈ گرانٹ کے تحت تقریباً 90 ہزار ڈالر کی فنڈنگ دی گئی۔ شہر بھر میں 85 نیبرہُڈ منصوبے مکمل کیے گئے، جن میں کمیونٹی باربی کیوز، فلاحی سیشنز اور دیگر اجتماعات شامل تھے۔ ان سرگرمیوں میں 75 افراد نے کچرا صفائی مہم میں حصہ لیا، جس سے آلودگی میں کمی اور جنگلی حیات کے تحفظ میں مدد ملی۔ اس کے علاوہ مفت تعلیمی سیمینارز منعقد کیے گئے، جن میں کمیونٹی وسائل اور سہولیات سے متعلق آگاہی فراہم کی گئی، جبکہ ایک گروسری تقسیم مہم کے ذریعے 48 خاندانوں کو ضروری اشیائے خورونوش فراہم کی گئیں۔

برامپٹن نیبرہُڈ ایسوسی ایشن گائیڈ، جو انگریزی، پنجابی، گجراتی، تامل، اردو اور ہندی زبانوں میں دستیاب ہے، رہائشیوں کو بااختیار بنانے اور جوڑنے کیلئےتیار کی گئی ہے۔ اس گائیڈ میں محلے میں تحفظ، باہمی تعلق، شمولیت اور فلاح کے فروغ کیلئے رہنمائی فراہم کی گئی ہے اور نیبرہُڈ ایکشن پلان تیار کرنے کیلئے ضروری وسائل شامل ہیں۔

سٹی آف برامپٹن نے شہریوں کو کمیونٹی سیفٹی سروے میں حصہ لینے کی دعوت بھی دی ہے تاکہ آئندہ کمیونٹی سیفٹی ایکشن پلان کی تشکیل میں مقامی ضروریات کو مدنظر رکھا جا سکے۔ اس کے علاوہ کمیونٹی سیفٹی اینڈ ویل بینگ آفس کی جانب سے سہ ماہی نیوز لیٹر “کنیکٹڈ کمیونٹیز” بھی متعارف کرایا جا رہا ہے، جس کے ذریعے شہریوں کو کمیونٹی سیفٹی سے متعلق اقدامات، تقریبات اور وسائل سے آگاہ رکھا جائے گا۔