لاہور(نمائندہ خصوصی)محکمہ اطلاعات و ثقافت پنجاب کے مطابق پنجاب کونسل آف دی آرٹس نے صوبے بھر میں اسٹیج، تھیٹر اور دیگر تفریحی پروگراموں میں 132 گانوں کی پرفارمنس پر پابندی عائد کر دی ہے۔ اس حوالے سے 23 جنوری 2026 کو باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق یہ پابندی سرکاری و نجی، کمرشل اور غیر کمرشل تمام اسٹیج اور تھیٹر پرفارمنسز پر لاگو ہوگی۔ محکمہ اطلاعات و ثقافت کا کہنا ہے کہ ممنوعہ قرار دیے گئے گانوں کے بول، اشعار اور شاعری قابلِ اعتراض، غیر اخلاقی اور دوہرا مطلب رکھنے والے ہیں، جو تھیٹر پرفارمنس کے ضابطہ اخلاق کے منافی ہیں۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ اقدام محکمہ اطلاعات و ثقافت پنجاب کے 13 اگست 2025 کو جاری کردہ خطوط اور اسٹیج پرفارمنس سے متعلق پالیسی کی روشنی میں اٹھایا گیا ہے۔ ممنوعہ گانوں کی تفصیلی فہرست نوٹیفکیشن کے ساتھ منسلک کی گئی ہے، جس پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔

پنجاب کونسل آف دی آرٹس نے صوبے کے تمام ڈویژنل اور ضلعی ڈائریکٹرز، ڈپٹی ڈائریکٹرز اور نجی تھیٹر مالکان کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس فیصلے پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ خلاف ورزی کی صورت میں کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
محکمہ اطلاعات و ثقافت پنجاب کے مطابق اس اقدام کا مقصد اسٹیج اور تھیٹر میں غیر اخلاقی مواد کی روک تھام اور خاندانی و سماجی اقدار کے مطابق تفریح کو فروغ دینا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ آئندہ بھی اسٹیج ڈراموں اور پرفارمنسز کی مسلسل مانیٹرنگ کی جاتی رہے گی۔


