لاہور پریس کلب میں ممتاز صحافی عبدالستار خان کی نیب سے متعلق
انگریزی کتاب ‘ڈارک ٹاور آف اکاونٹیبلٹی ‘ کی تقریب رونمائی کا انعقاد
لاہور ( بیورو رپورٹ ) ممتاز صحافی لاہور پریس کلب کے سینئر کونسل ممبر عبدالستار خان کی نیب سے متعلق انگریزی کتاب ‘ڈارک ٹاور آف اکاونٹیبلٹی ‘ کی تقریب رونمائی لاہور پریس کلب کے زیر اہتمام منعقد ہوئی جس میں صحافیوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر جن سینئر صحافیوں نے اظہار خیال کیا ان میں مجیب الرحمن شامی، سہیل وڑائچ، مبشر لقمان، حماد غزنوی، انجم رشید، سعدیہ صلاح الدین، راﺅ عامر، مصطفی نذیر احمد اور لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری شامل تھے۔

مزید براں، سینئر صحافی نجم سیٹھی اور پی پی پی سے وابستہ سیاسی کارکن اسلم گورداسپوری کے ریکارڈ شدہ پیغامات بھی حاضرین کو سنوائے گئے۔اظہار خیالات کرتے ہوئے مقررین نے ہمہ آواز نہ صرف عبدالستار خان کی اس کاوش کو سراہا بلکہ اسے تجربہ کار اور نوآموز، دونوں طرح کے، صحافیوں کیلئے مشعل راہ قرار دیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوے سہیل وڑائچ نے کتاب کے مصنف عبدالستار خان کو ایک سچا صحافی قرار دیا اور اس توقع کا اظہار کیا کہ ان کی تازہ کتاب مستقبل میں مزید ایسی کاوشوں کے لیے راستہ ہموار کرے گی۔ انہوں نے حالیہ واقعات کے تناظر میں جرآت مند صحافت کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ سچا اور کھرا صحافی یا تو جیل کے اندر ہوتا ہے یا باہر ہوتا ہے اور اس کے لیے کوئی درمیانی راستہ نہیں ہوتا۔
سہیل وڑائچ کا کہنا تھا صحافی برادری اور پریس کلب ہماری اصل طاقت ہے۔ ارشد انصاری نے حالیہ دنوں میں میری بڑی حوصلہ افزائی کی جس پر ان کا شکر گزار ہوں یہ لاہور پریس کلب کے صدر نہ بھی ہوں میرے لۓ ہمیشہ صدر ہی ہوتے ہیں۔ صدر ارشد انصاری نے کہا کہ آج انوسٹی گیٹو رپورٹنگ معدوم ہوچکی ہے لیکن اس دورمیں عبدالستارخان کی تحقیقاتی رپورٹنگ پرمبنی یہ کتاب ایک شاہکار ہے اورموجودہ حالات میں انہوں نے تحقیقاتی رپورٹ کتاب کی شکل میں مرتب کرکے بہترین اقدار کو پروان چڑھایا ہے جو صحافت میں مشعل راہ ہے، صحافی حلقے ان کی اس کاوش کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
کتاب سے متعلق دلچسپ امر ہے کہ یہ کلی طور پر ایسی معلومات اور دستاویز پر مبنی ہے جو نیب کی سرکاری ویب سائٹ پر دستیاب ہیں اور بالعموم میڈیا اور اپوزیشن کی توجہ سے اوجھل رہتی ہیں۔کل ملا کر کتاب نیب کے زیر تفتیش تقریبا 4100 کیسوں کے تجزیے پر مشتمل ہے اور 20 ابواب پر محیط ہے جس میں ایک طرف تو مشہور سیاست دانوں اور ان کے خاندان پر نیب کی طرف سے بنائے جانے والے کیسز کا احوال شامل ہے اور دوسری طرف پلی بارگین سے متعلق کیسز کے حوالے سے ہوشربا انکشافات شامل ہیں۔
تقریب سے خطاب کرنے والے مقررین نے کتاب میں شامل معلومات کو اس بنیاد پر بھی قابل تحسین قرار دیا کہ اس میں شامل تمام معلومات مکمل طور پر غیر جانبدار ہے اور کسی مخصوص سیاسی جماعت کے نظریے کی ترویج نہیں کرتی۔تقریب کے اختتام میں لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری نے کتاب کے مصنف عبدالستار خان کو نہ صرف لاہور پریس کلب کے ارکان بلکہ پاکستان کے تمام صحافتی کارکنوں کی جانب سے خراج تحسین پیش کیا اور تقریب کے حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔

