سڈنی:عثمان خواجہ نے پاکستانی کھلاڑیوں پر جرمانے کی مخالفت کردی

سڈنی(اسپورٹس ڈیسک) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی ناقص کارکردگی کے بعد ممکنہ جرمانے کے فیصلے پر پاکستانی نژاد سابق آسٹریلین کرکٹر عثمان خواجہ نے ردعمل ظاہر کیا ہے۔عثمان خواجہ نے کہا کہ انہیں معلوم ہوا ہے کہ پاکستانی کھلاڑیوں کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد جرمانہ کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے اس فیصلے پر ہنسی آتی ہے اور معلوم نہیں کہ ایسا فیصلہ کس سوچ کے تحت کیا گیا۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستانی ٹیم جان بوجھ کر نہیں ہاری، اور کھلاڑیوں پر جرمانے سے آئندہ جیتنے کی کوئی گارنٹی نہیں بنتی۔ عثمان خواجہ نے کہا کہ اس سے کھلاڑیوں پر مزید پریشر بڑھ گیا ہے کیونکہ انہیں پہلے ہی پورے ملک کی امیدوں کا دباؤ ہوتا ہے۔سابق آسٹریلین کرکٹر نے پاکستان کرکٹ کے بارے میں کہا کہ یہ ہمیشہ ڈرامہ لگتی ہے اور ہر بار حیران کن فیصلے کرتی ہے۔