سکھر ڈویژن: لاکھا روڈ اسٹیشن مال گاڑی اور شالیمار ایکسپریس میں تصادم

سکھر/نوشہرو فیروز (نامہ نگار)لاکھا روڈ اسٹیشن کے قریب ریلوے لوپ لائن میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک مال گاڑی پہلے سے لوپ لائن میں کھڑی تھی اور پیچھے سے آنے والی 27 اپ شالیمار ایکسپریس اس سے ٹکرا گئی۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ ممکنہ طور پر پوائنٹ یا کانٹے کے مسئلے کے باعث پیش آیا، جس کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

تصادم کے نتیجے میں ریلوے کے ڈرائیور اور اسسٹنٹ ڈرائیور معجزانہ طور پر محفوظ رہے جبکہ گارڈ کو بھی کافی مشکل کے بعد بوگی سے باہر نکالا گیا۔ حادثے میں شالیمار ایکسپریس کے انجن، سامان اور بوگیوں کو خاصا نقصان پہنچا ہے تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔ریلوے حکام نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے اس کی مکمل انکوائری شروع کر دی ہے تاکہ حادثے کی اصل وجوہات سامنے لائی جا سکیں۔