کیلگری: ( ندیم طفیل سے )کینیڈا بھر میں منی لائبریریوں کے قیام کے ذریعے کتابوں کی رسائی کو عام کرنے والے پاکستانی نژاد کینیڈین سید نجم حسن نے البرٹا کے قصبے بلیک فیلڈ میں اپنی چوالیسویں منی لائبریری قائم کی۔ اس لائبریری کا افتتاح مقامی مئیر نے کیا، جس میں شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
نجم حسن نے اس اقدام کے ذریعے کمیونٹی کی خدمت کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ ان کے دیگر منصوبوں میں سڑک کے کنارے 24 گھنٹے کھلے فوڈ اور کپڑوں کے بینک، بے گھر افراد کیلئے خوراک اور کم آمدنی والوں کیلئے مفت ٹیکس خدمات شامل ہیں۔
مئیر اور کمیونٹی رہنماؤں نے نجم حسن کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے منصوبے مختلف ثقافتوں کے درمیان قربت کو فروغ دیتے ہیں۔ نجم حسن نے اس موقع پر بیان دیا کہ ان کا مقصد لوگوں کو ایک دوسرے کی ثقافت سے آگاہ کرنا ہے۔یہ اقدام کیلگری کی کمیونٹی میں اتحاد اور تعاون کی ایک نئی مثال قائم کرتاہے.