راولپنڈی(نامہ نگار)سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں انٹیلی جنس پر مبنی کامیاب آپریشنز کے دوران 12 بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جب کہ 2 بہادر جوان مادرِ وطن پر قربان ہو گئے۔
کارروائیاں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (TTP) اور کالعدم بلوچستان لبریشن فرنٹ (BLF) کے دہشت گردوں کے خلاف کی گئیں، جن کی سرگرمیوں کو بھارتی سرپرستی حاصل تھی۔
خیبرپختونخوا میں آپریشنز
ضلع لکی مروت: انٹیلی جنس اطلاعات پر کیے گئے آپریشن میں سیکیورٹی فورسز نے 5 بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔
ضلع بنوں میں کی گئی ایک اور کارروائی کے دوران 2 بھارتی اسپانسر خارجی دہشت گرد مارے گئے۔
ضلع میر علی کے علاقےشمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر دہشت گردوں کے حملے کا مؤثر جواب دیا گیا، جس میں 2 دہشت گرد مارے گئے۔ فائرنگ کے شدید تبادلے میں سپاہی فرہاد علی طوری (عمر 29، تعلقہ ضلع کرم) اور لانس نائیک صابر آفریدی (عمر 32، تعلقہ کوہاٹ) بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے۔
بلوچستان میں کارروائیاں
ضلع آواران، علاقہ گشکورمیں بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے کامیاب آپریشن کرتے ہوئے دہشت گرد یونس کو ہلاک، جب کہ دو دیگر دہشت گردوں کو زخمی کیا۔
ضلع کیچ میں علیحدہ کارروائی میں خطرناک دہشت گرد سرغنہ صابر اللہ اور اس کا ساتھی امجد بیچو مارے گئے۔
تمام کارروائیوں کے دوران بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد کیا گیا۔ مارے گئے دہشت گرد قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں، معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ، اور دیگر تخریبی سرگرمیوں میں ملوث تھے۔
سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں موجود کسی بھی ممکنہ دہشت گرد کو ختم کرنے کیلئےسینیٹائزیشن آپریشنز کا آغاز کر دیا ہے۔پاکستان کی سیکیورٹی فورسز قوم کے تعاون سے بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں امن، استحکام اور ترقی کے عمل کو سبوتاژ کرنے والی بھارتی پراکسیوں کو مکمل طور پر ناکام بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔

