شادی شدہ جوڑےجہاں جائیں ویڈیوز بنائیں اس سے رومانس زندہ رہتا ہے: امیتابھ کامشورہ

بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن نے شادی شدہ جوڑوں میں محبت بڑھانے کےلیے مشورہ دے دیا۔

بھارتی گیم شو ’کون بنے گا کروڑپتی 16‘ کی ایک قسط میں شو کے میزبان امیتابھ بچن نے مقابلہ کرنے والی خاتون دیپالی سونی سے ان کی اور ان کے شوہر کی محبت کی کہانی کے بارے میں سوال کیا۔

سونی کے شوہر نے بتایا کہ اگرچہ ان کی شادی ارینجڈ تھی، لیکن وہ جلد ہی ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار ہوگئے اور اب وہ 25 سال سے ایک ساتھ ہیں اور جہاں بھی جاتے ہیں وہاں اکثر ریلز بھی بناتے ہیں۔

محبت کی اس کہانی پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے امیتابھ نے تمام شادی شدہ جوڑوں کو مشورہ دے دیا اور کہا کہ وہ بھی جہاں جائیں ویڈیوز بنائیں، کیونکہ اس طرح کے عمل سے رومانس زندہ رہتا ہے۔

بالی ووڈ لیجنڈ نے مزید کہا کہ آپ نے شادی شدہ جوڑوں کو بہت اچھا آئیڈیا دیا ہے، جتنے بھی میاں بیوی ہیں آپ جہاں کہیں بھی گھومنے جائیں، ایک ریل بنا دیجیے گا۔

واضح رہے کہ امیتابھ کے یہ الفاظ ایسے وقت سامنے آئے جب ان کے بیٹے ابھیشیک اور بہو ایشوریا رائے کی شادی شدہ زندگی سے متعلق افواہیں زیرگردش ہیں۔

یاد رہے کہ حال ہی میں ماضی کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں ابھیشیک کو ایشوریا کے ساتھ علیحدگی کی افواہوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔

2016 میں ابھیشیک بچن ایشوریا کی فلم ’سربجیت‘ کے پریمیئر میں شرکت کر رہے تھے تو ان سے پوچھا گیا کہ کیا ان کے درمیان معاملات ٹھیک نہیں ہیں؟ ابھیشیک نے جواب دیا ’مجھے آپ سب کو اس بارے میں کچھ بھی کہنے کی ضرورت نہیں ہے‘ پھر انہوں نے اپنی شادی کی انگوٹھی دکھائی اور کہا کہ ’میرا خیال ہے آپ سب نے اس بات کو غیر ضروری طور پر بڑھا چڑھا کر پیش کیا ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ یہ ٹھیک ہے کہ ہم مشہور شخصیات ہیں ہمیں یہ سب برداشت کرنا پڑتا ہے لیکن ہاں، میں ابھی بھی شادی شدہ ہوں۔

اپنا تبصرہ لکھیں