شاہ محمود قریشی کواڈیالہ جیل سے لاہور منتقل کردیاگیا

راولپنڈی: وائس چیئرمین پاکستان تحریک انصاف و سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو اڈیالہ جیل سے لاہور منتقل کر دیا گیا۔ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کو انسداد دہشتگردی عدالت لاہور میں پیش کیا جائے گا۔ سابق وزیر خارجہ کو لاہور پولیس علی الصبح اڈیالہ سے لیکر لاہور روانہ ہوئی۔
جیل ذرائع کے مطابق شاہ محمود قریشی کو لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت پیش کیا جائے گا۔ وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی پر لاہور میں 9 مئی کے متعدد مقدمات درج ہیں۔ لاہور پولیس جیل میں 9 مئی مقدمات میں شاہ محمود قریشی سے تفتیش بھی کر چکی ہے۔
وکیل بیرسٹر تیمور ملک نے کہا کہ انسداد دہشت گردی عدالت لاہور کے جج آج کوٹ لکھپت جیل میں نو مئی مقدمات کی سماعت کرینگے، شاہ محمود قریشی کو کوٹ لکھپت جیل میں عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
یاد رہے لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی تھانہ شادمان جلاؤ گھراؤ کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی کو آج (8 جولائی) طلب کیا تھا۔
انسداد دہشت گری کی خصوصی عدالت کے ایڈمن جج خالد ارشد نے 9 مئی کو تھانہ شادمان جلاؤ گھراؤ کیس کی سماعت کی۔ ایڈمن جج خالد ارشد نے تفتیشی افسر کی استدعا پر شاہ محمود قریشی کو طلب کیا تھا۔
واضح رہے 9 مئی کو القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کی اسلام آباد ہائیکورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا۔جس کے دوران لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں 9 مئی کو مسلم لیگ (ن) کے دفتر کو جلانے کے علاوہ فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نذر آتش کیا گیا، سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ لکھیں