ممبئی(شوبزڈیسک)بھارتی سیاستدان و اداکارہ جیا بچن کی جانب سے پاپارازی فوٹوگرافروں کے لباس پر تنقید کے بعد پیدا ہونے والی بحث میں اداکار و سیاستداں شتروگھن سنہا نے فوٹوگرافروں کا بھرپور دفاع کیا ہے۔
میگزین کی رونمائی کی تقریب میں اداکارہ پونم ڈھلوان کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے شتروگھن سنہا نے ہنستے ہوئے جیا بچن پر طنز کیا اور فوٹوگرافروں سے کہا کہ ’’آپ لوگ پینٹ بھی اچھی پہنتے ہیں اور شرٹ بھی۔‘‘ اس جملے پر محفل میں قہقہے لگ گئے جبکہ پونم ڈھلوان نے بھی اس ماحول کو خوشگوار قرار دیا۔
شطرواس وقت سیاسی سرگرمیوں میں زیادہ مصروف ہیں اور فلمی دنیا سے دوری اختیار کیے ہوئے ہیں۔دوسری جانب، جیا بچن نے حال ہی میں پاپارازی فوٹوگرافروں کے لباس اور رویّے پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا تھا کہ عوامی تقریبات میں غیرمناسب لباس پہن کر آنا اور موبائل کیمرا سنبھال کر تصویر لینا پیشہ ورانہ طرزِ عمل نہیں ہے۔ ان کے بقول، کئی فوٹوگرافر نہ مناسب تربیت رکھتے ہیں اور نہ ہی پیشہ ورانہ انداز اپناتے ہیں۔
جیا بچن کے اس بیان پر سوشل میڈیا پر ملے جلے ردِعمل سامنے آئے تھے. کچھ لوگوں نے اسے پیشہ ورانہ معیار کی درست نشاندہی قرار دیا، جبکہ کئی افراد نے اسے غیر ضروری تنقید اور سخت رویہ کہا۔جیا بچن کی جانب سے اپنے حالیہ متنازع بیان پر ابھی تک کوئی وضاحت جاری نہیں کی گئی۔

