بنگلادیش میں سابق وزیراعظم شیخ حسینہ کی کابینہ میں رہنے والے وزیر خارجہ حسن محمود کے بھائی کے غیر قانونی قبضے سے 50 ایکڑ سے زائد جنگلاتی اراضی واگزار کروالی گئی۔ محکمہ جنگلات کا کہنا ہے کہ چٹاگانگ کے رنگولیا اپازلا میں سابق وزیر خارجہ حسن محمود کے بھائی ارشاد محمود کے زیر قبضہ کم از کم 55 ایکڑ جنگلاتی زمین کو واگزار کر لیا گیا ہے۔چٹاگانگ ساؤتھ فاریسٹ ڈویژن کے اسسٹنٹ کنزرویٹر آف فاریسٹ، معروف حسین کی قیادت میں محکمہ جنگلات کی ٹیم نے کارروائی کی، اس دوران ٹیم نے 6 شیڈز پر مشتمل فارم اور ایک ریسٹورنٹ سمیت کئی ڈھابے بھی ہٹا دیے۔محکمہ جنگلات کےڈویژنل فاریسٹ آفیسر (ڈی ایف او) عبداللّٰہ المامون نے تصدیق کی کہ یہ آپریشن صبح 10 بجے شروع ہوا اور شام 4 بجے تک جاری رہا۔ یہ کارروائی پدووا یونین کے شُخ بلاش گاؤں میں کی گئی۔ڈی ایف او نے مزید بتایا کہ “ہم جلد ہی ایک اور کارروائی کریں گے تاکہ مزید جنگلاتی زمین کو واگزار کر سکیں جہاں ارشاد محمود نے سنترے کے باغات لگائے ہیں۔”